
بلڈھانا، 19 اپریل (ہ س)۔
سمردھی مہامارگ پر بلڈھانا کے قریب اتوار، 19 اپریل کو ایک نجی لگژری بس کے ساتھ پیش آئے خوفناک حادثے میں ڈیڑھ سالہ بچے کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ تقریباً 20 سے 25 مسافر زخمی ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈرائیور اور کلینر موبائل پر ویڈیو ریل بنانے میں مصروف تھے، جس کے باعث بس کا توازن بگڑ گیا اور وہ الٹ گئی۔اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ مہکر کے ٹول ناکہ کے قریب پیش آیا۔ ممبئی سے پوسد کی جانب جا رہی یہ نجی ٹریولس بس تیز رفتاری سے سفر کر رہی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق ڈرائیور اور کلینر دونوں موبائل پر ویڈیو بنانے میں مصروف تھے، اسی دوران بس بے قابو ہو گئی اور سڑک پر الٹ گئی۔بس کے اچانک الٹنے کے باعث پیچھے سے آنے والی ایک چار پہیہ گاڑی بھی اس سے ٹکرا گئی، جس سے اس گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد فوراً جائے وقوعہ پر پہنچے اور انہوں نے بس میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم مہکر کے دیہی اسپتال میں ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث کئی زخمیوں کو نجی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ کچھ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد مقامی افراد نے خود فراہم کی۔اس دلخراش حادثے میں ایک ڈیڑھ سالہ بچے کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جس کے باعث علاقے میں غم کی فضا پھیل گئی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے