
لداخ, 17 اپریل (ہ س)۔
لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے لیہہ میں منعقدہ روزگار میلے میں ضلع کیڈر کے 313 نو منتخب امیدواروں کو تقرری نامے تقسیم کیے۔
سرکاری حکام کے مطابق تین روز کے اندر یہ دوسرا روزگار میلہ تھا۔ اس سے قبل 14 اپریل کو کرگل میں منعقدہ تقریب میں تقریباً 200 امیدواروں کو ملازمت کے خطوط دیے گئے تھے۔
لیہہ خود مختار ہل ڈیولپمنٹ سب آرڈینیٹ سروسز ریکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے گزشتہ نومبر میں میٹرک اور 10+2 سطح کی آسامیوں کے لیے امتحانات منعقد کیے گئے تھے، جن کے تحت مجموعی طور پر 387 امیدواروں کا انتخاب عمل میں آیا۔ ان میں سے 313 امیدواروں کو جمعرات کے روز تقرری نامے فراہم کیے گئے۔
حکام نے بتایا کہ منتخب امیدواروں کی اکثریت کو صحت، ریونیو، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، جنگلات اور محکمہ حیوانات میں تعینات کیا گیا ہے۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے نو منتخب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھرتی کا عمل مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر انجام دیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سرکاری ملازمت عوامی خدمت کی ایک اہم ذمہ داری ہے، جسے دیانتداری اور لگن کے ساتھ نبھایا جانا چاہیے۔
انہوں نے انتظامیہ کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام خالی اسامیوں کو مرحلہ وار اور شفاف طریقے سے پُر کیا جائے گا، اور امید ظاہر کی کہ نئے ملازمین لداخ میں حکمرانی اور عوامی خدمات کی بہتری میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر