
حیدرآباد ، 17 اپریل (ہ س) ۔
تلنگانہ ہائی کورٹ نے اسپیکرقانون سازاسمبلی پرساد کماراورپارٹی تبدیلی کے الزامات کا سامنا کرنے والے 9 ارکان اسمبلی کو ہدایت دی ہے کہ جوابی حلفنامہ داخل کریں ۔ بی آرایس سے انحراف کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیارکرنے والے 9 ارکان اسمبلی کے خلاف شکایات پراسپیکرنے کلین چٹ دیتے ہوئے فیصلہ سنایا تھا اورانحراف کےالزامات کومسترد کردیا تھا۔ اسپیکر کے فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ اس مقدمہ کی آج سماعت ہوئی۔ عدالت نےاسپیکراسمبلی کےعلاوہ انحراف کےالزامات کاسامناکرنے والے ڈی ناگیندر، کڈیم سری ہری،پوچارم سرینواس ریڈی،اے گاندھی ،ڈی کرشنا وہن ریڈی، کے یادیا، پرکاش گوڑ ، سنجے کمار اور ٹی وینکٹ راؤ کو موقف کی وضاحت کرتے ہوئے حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 6 مئی کو مقرر کی گئی ہے ۔ بی آر ایس نے شکایت کی کہ 2023 اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کے ٹکٹ پر منتخب ہونے کے بعد کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ اس سلسلہ میں اسپیکراسمبلی سے شکایت کرتے ہوئے اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کی درخواست کی تھی۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر اسپیکر نے تمام ارکان اسمبلی کے خلاف الزامات کی سماعت کی اور انہیں کلین چٹ دیتے ہوئے انحراف کے الزامات کو مسترد کردیا۔ سپریم کورٹ نے مقدمہ کی یکسوئی کردی جس کے بعد بی آر ایس اور بی جے پی نے تلنگانہ ہائی کورٹ میں اسپیکر کے فیصلہ کو چیلنج کیا۔۔ ۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق