
چرانگ، 17 اپریل (ہ س)۔
آسام کے چیرانگ ضلع میں رونی کھاتا فاریسٹ رینج آفس میں جمعہ کو اس وقت حالات کشیدہ ہو گئے جب مقامی لوگوں کے احتجاج نے پرتشدد شکل اختیار کر لی۔ مشتعل ہجوم نے محکمہ جنگلات کی کئی گاڑیوں اور دفتر کے احاطے کو آگ لگا دی جس سے علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔ حکام کے مطابق محکمہ جنگلات اور پولیس نے گزشتہ جمعرات کو 25 قبائلی افراد کو جنگل کی زمین پر قبضہ کرنے کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔ تمام حراست میں لیے گئے افراد کو رونی کھاتا فاریسٹ رینج آفس میں رکھا گیا تھا۔ اس کارروائی سے ناراض مقامی لوگوں کی بڑی تعداد آج صبح جائے وقوعہ پر جمع ہوئی اور دفتر کا گھیراو¿ کرکے احتجاج کیا۔ صورتحال تیزی سے قابو سے باہر ہوگئی۔ مشتعل ہجوم نے محکمہ جنگلات کی گاڑیوں اور دفتر کو آگ لگا دی۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ مقامی پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر پہنچنے والی پولیس ٹیم کو صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہوا میں فائر کرنا پڑا۔ صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، اور علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، اضافی سکیورٹی فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔ مقامی انتظامیہ نے عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔
ہندوستھان ساچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ