
روم، 15 اپریل (ہ س)۔ ٹینس کی دنیا میں اپنی مضبوط ہوتی پوزیشن کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے اٹلی اٹلی 2028 سے ومبلڈن سے قبل ایک نیا گراس کورٹ اے ٹی پی ٹورنامنٹ کی میزبانی کر ے گا۔ اطالوی ٹینس اور پیڈل فیڈریشن نے برسلز میںاکتوبر میں کھیلے جانے والے اے ٹی پی 250 سطح کے ٹورنامنٹ کے حقوق خرید کر لیے ہیں، جسے اب جون میں اٹلی میں منعقد کیا جائے گا۔
فیڈریشن کے صدر اینجلو بناگھی نے منگل کو اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کا مقام ابھی طے ہونا باقی ہے لیکن موسم کو دیکھتے ہوئے اس کا انعقاد شمالی اٹلی میں ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے اشارہ کیا کہ میلان کا تاریخی سان سیرو اسٹیڈیم بھی ممکنہ مقام ہو سکتا ہے ، جہاں فٹ بال کے میدان کے اندر گراس کورٹ تیار کیا جا سکتا ہے۔ بناگھی نے کہا کہ اسپین کے میڈرڈ اوپن میں سینٹیاگو برنابیو اسٹیڈیم کے اندر پریکٹس کورٹ بنائے جا رہے ہیں، اس لیے یہ خیال نیا نہیں ہے۔
اٹلی اس سے قبل 2022 سے 2024 تک گیابا میں خواتین کے گراس کورٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کر چکا ہے۔ اس کے علاوہ، اٹلی ٹیورین میں 2030 تک اے ٹی پی فائنلز اور اگلے سال بولونا میں ڈیوس کپ فائنلز کی میزبانی کر رہا ہے۔
ادھر، اگلے ماہ منعقد ہونے والے اٹالین اوپن کی تیاریاں بھی زوروں پر ہیں۔ یانک سنر نے حال ہی میں مونٹی کارلو ماسٹرز کے فائنل میں کارلوس الکاراز کو شکست دی تھی، جس سے منتظمین کو امید ہے کہ وہ 50 برس بعد مردوں کا سنگلز خطاب جیتنے والے پہلے اطالوی کھلاڑی بن سکتے ہیں۔
فیڈریشن نے کہا کہ اٹالین اوپن کے مرکزی کورٹ کیمپو سینٹرل پرریٹریکٹیبل روف کی تعمیر اس سال کے ٹورنامنٹ کے فوراً بعد شروع ہو جائے گی، جسے 2028 تک پورا کرنے کا ہدف ہے۔ اس کے بعد اسٹیڈیم کی گنجائش 10,500 سے بڑھا کر 12,400 کر دی جائے گی۔
بناگھی نے یہ بھی کہا کہ ان کا ہدف مستقبل میں اطالوی اوپن کو پانچواں گرینڈ سلیم بنانا ہے، جو آسٹریلین اوپن، فرنچ اوپن، ومبلڈن اور یو ایس اوپن میں شامل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس مقصد کے بارے میں ہر روز سوچتے ہیں۔ یہ ایک چھوٹا سا موقع ہے لیکن اگر ہم اسے حاصل کر لیتے ہیں تو اٹلی کو طویل عرصے تک اس کا فائدہ ہو گا۔ یہ ہمارا خواب ہے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد