
فیڈے کینڈیڈیٹس 2026 : سندروف نے ایک راونڈ پہلے ہی خطاب جیت لیا، 50 میچوں کا ناقابلِ شکست تسلسل برقرار
نئی دہلی، 15 اپریل (ہ س)۔ فیڈے کینڈیڈیٹس 2026 کے اوپن زمرے میں ابھرتے ہوئے گرینڈ ماسٹر جاوخیر سندروف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے منگل کو ایک راونڈ باقی رہتے ہی خطاب اپنے نام کر لیا۔ راونڈ 13 میں انیش گری کے خلاف ڈرا کھیلتے ہی انہوں نے ٹورنامنٹ میں اپنی سبقت برقرار رکھتے ہوئے خطاب پر قبضہ جما لیا۔
اس جیت کے ساتھ سندروف نے اس سال ہونے والی فیڈے ورلڈ چیس چیمپئن شپ میں موجودہ ورلڈ چیمپئن ڈی گوکیش کو چیلنج کرنے کا حق حاصل کر لیا ہے۔ خاص بات یہ رہی کہ سندروف پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہے اور ان کے مسلسل ناقابلِ شکست میچوں کی تعداد 50 تک پہنچ گئی ہے۔
راونڈ 13 سے پہلے سندروف کے پاس دو پوائنٹس کی سبقت تھی۔ گری کے لیے یہ مقابلہ جیتنا ضروری تھا تاکہ فائنل راونڈ تک مقابلہ برقرار رہے، لیکن ڈرا کے ساتھ ہی سندروف نے خطاب یقینی کر لیا۔ مقابلے کا آغاز گری نے 1.e4 چال سے کیا، جس کا جواب سندروف نے بے حد مضبوط حکمتِ عملی کے ساتھ دیا۔ 15 ویں چال تک کئی مہروں کا تبادلہ ہو چکا تھا اور کھیل رانی (کوئین) کے بغیر مڈل گیم میں پہنچ گیا، جو سندروف کی حکمتِ عملی کے موافق رہا۔
گری نے ڈی-فائل پر دباو بنانے کی کوشش کی، لیکن سندروف نے درست دفاع کرتے ہوئے ان کے تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔ بعد میں کھیل روک اور اونٹ کے اینڈ گیم میں پہنچا، جہاں دونوں کھلاڑیوں کو کوئی سبقت حاصل نہیں ہو سکی اور بالآخر تین بار ایک جیسی چال دہرائے جانے کی وجہ سے مقابلہ ڈرا پر ختم ہوا۔ دیگر مقابلوں میں ہیکارو ناکامورا نے میتھیاس بلوباوم کے خلاف ڈرا کھیلا، ویئی ای نے آندرے ایسی پینکو کو ہرایا، جبکہ آر پرگیانانندا اور فیبیانو کاروانا کے درمیان مقابلہ ڈرا رہا۔
سندروف کی اس کارکردگی نے انہیں عالمی شطرنج کے سب سے بڑے اسٹیج پر پہنچا دیا ہے اور اب سب کی نظریں ان کے اور ڈی گوکیش کے درمیان ہونے والے خطابی مقابلے پر مرکوز ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن