
آئی پی ایل 2026 : چنئی نے کولکاتا کو 32 رن سے ہرایا، گیند بازوں کی شاندار کارکردگی
چنئی، 15 اپریل (ہ س)۔ آئی پی ایل 2026 میں چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) نے اپنے گھریلو میدان چیپاک پر شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے کولکاتا نائٹ رائڈرز (کے کے آر) کو 32 رن سے ہرا دیا۔ اس جیت کے ساتھ چنئی نے مسلسل دوسری گھریلو جیت درج کی، جبکہ کے کے آر کو اس سیزن میں چوتھی شکست جھیلنی پڑی۔ ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سی ایس کے نے 20 اوور میں 5 وکٹ پر 192 رن بنائے۔ ٹیم کی جانب سے سنجو سیمسن نے 48 رن کی اہم اننگز کھیلی۔ وہیں آیوش مہاترے نے 17 گیندوں میں 38 رن بنا کر تیز آغاز فراہم کیا، جبکہ ڈووالڈ بریوس نے بھی 41 رن کا تعاون دیا۔ تاہم، ڈیتھ اووروں میں چنئی کی رن بنانے کی رفتار تھوڑی سست پڑ گئی۔
192 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری کے کے آر کا آغاز خراب رہا۔ فن ایلن جلد آوٹ ہو گئے، جبکہ سنیل نارائن 24 رن بنا کر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد کپتان اجنکیہ رہانے اور انگکرش رگھونشی نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن 10 ویں اوور کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ چنئی کے گیند بازوں نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے میچ پر پکڑ برقرار رکھی۔ نور احمد نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں اور رہانے، کیمرون گرین و رنکو سنگھ کو آوٹ کیا۔ وہیں انشل کمبوج نے دو وکٹیں لیں، جبکہ خلیل احمد اور عقیل حسین نے ایک-ایک وکٹ حاصل کی۔
کے کے آر ایک وقت 90 رن پر 6 وکٹیں گنوا چکی تھی۔ اس کے بعد روومین پاول اور رمن دیپ سنگھ نے 63 رن کی شراکت داری کی، لیکن ٹیم کو جیت تک نہیں پہنچا سکے۔
آخر میں کولکاتا کی ٹیم 20 اوور میں 160/7 ہی بنا سکی اور میچ 32 رن سے ہار گئی۔ اس شکست کے ساتھ کے کے آر کی پوزیشن پوائنٹس ٹیبل میں مزید خراب ہو گئی ہے، جبکہ سی ایس کے نے جاندار واپسی کے اشارے دیے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن