
حیدرآباد، 13 اپریل (ہ س)۔
تلنگانہ حکومت نے کابینہ میں وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین کی برقراری کو یقینی بنانے کے لئے ریاستی گورنر سے حکومت کے سفارش کردہ ناموں کی منظوری کی درخواست کی ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین کو 30 اپریل تک اسمبلی یا کونسل میں کسی ایک ادارہ کا رکن منتخب ہونا ضروری ہے۔ کانگریس پارٹی نے گزشتہ سال اکتوبر میں جوبلی ہلزاسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے دوران محمد اظہرالدین کوکابینہ میں شامل کیا تھا۔ دستورکے مطابق اسمبلی اور کونسل کی رکنیت کے بغیر صرف 6 ماہ تک کابینہ میں برقراررہنے کی گنجائش ہے۔ محمد اظہر الدین کے 6 ماہ 30 اپریل کومکمل ہو جائیں گے اور اس وقت تک گورنرسے حکومت کے سفارش کردہ ناموں کی منظوری حاصل کرنے کی مساعی شروع کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ گورنر کے سکریٹری کے ذریعہ حکومت کی درخواست شیوپرتاپ شکلا تک پہنچائی گئی۔ توقع ہے کہ حکومت کے ایک سینئر وزیرعنقریب گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے ریاستی کابینہ کی طرف سے گورنر کوٹہ کے تحت سفارش کردہ محمد اظہر الدین اورپروفیسرکودنڈا رام کے ناموں کی منظوری کی درخواست کی جائے گی۔ کابینہ نے اگست 2025 میں دونوں ناموں کی سفارش کی تھی لیکن اس وقت کے گورنر جشنودیو ورما نے سپریم کورٹ میں معاملہ زیرالتواء ہونے کے سبب کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔ بتایا جاتا ہیکہ موجودہ گورنر شیوپرتاپ شکلا نے بھی عہدیداروں سے سپریم کورٹ کے مقدمہ کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں اورانہوں نے واضح کیا کہ قطعی فیصلے تک وہ انتظار کریں گے۔ اگرچہ سپریم کورٹ نے گورنر کوفیصلے کا اختیار دیا ہے لیکن 11 مارچ کوذمہ داری سنبھالبے والے شیوپرتاپ شکلا کو فیصلے میں کوئی عجلت نہیں ہے۔ گورنر کے موقف کو دیکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے رسمی طور پرنمائندگی میں تاخیرکی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اگر گورنر ناموں کی منظوری سے گریز کریں تو اظہرالدین کووزارت سے استعفی دلا کر کچھ وقفہ بعد دوبارہ وزیر کا حلف دلانے پر حکومت غورکررہی ہے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق