رامبن میں نوجوان کے مبینہ طور پر نالے میں چھلانگ لگانے کا واقعہ،لوگوں نے قومی شاہراہ بند کرکے احتجاج کیا۔
جموں, 13 اپریل (ہ س)ضلع رام بن کے رامسو علاقے میں ایک نوجوان کے مبینہ طور پر نالہ میں چھلانگ لگا کر لاپتہ ہونے کے واقعے کے بعد پیر کے روز بھی حالات کشیدہ رہے اور مقامی لوگوں نے جموں–سرینگر قومی شاہراہ پر احتجاج کیا۔ اطلاعات کے مطابق 25 سالہ تنویر
رامبن میں نوجوان کے مبینہ طور پر نالے میں چھلانگ لگانے کا واقعہ،لوگوں نے قومی شاہراہ بند کرکے احتجاج کیا۔


جموں, 13 اپریل (ہ س)ضلع رام بن کے رامسو علاقے میں ایک نوجوان کے مبینہ طور پر نالہ میں چھلانگ لگا کر لاپتہ ہونے کے واقعے کے بعد پیر کے روز بھی حالات کشیدہ رہے اور مقامی لوگوں نے جموں–سرینگر قومی شاہراہ پر احتجاج کیا۔

اطلاعات کے مطابق 25 سالہ تنویر احمد چوپان سکنہ پوگل، اتوار کی شام مکرکوٹ کے قریب مشتبہ افراد سے بچنے کی کوشش کے دوران نالہ بشلاری میں چھلانگ لگا بیٹھے، جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔

واقعے کے خلاف پیر کی صبح مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے بی ڈی او دفتر مکرکوٹ کے قریب شاہراہ پر دھرنا دیا، جس کے باعث ایک گھنٹے سے زائد وقت تک ٹریفک معطل رہی اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پولیس نے اس سلسلے میں رامسو تھانے میں ایف آئی آر نمبر 26/2026 درج کر کے چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار شدگان میں سریجیت سنگھ، سندیپ سنگھ، دگوجے سنگھ اور کیول سنگھ شامل ہیں، جنہیں بانہال پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ تنویر احمد چوپان جموں سے اپنے آبائی گاؤں منڈکھل، پوگل جا رہے تھے کہ مکرکوٹ کے قریب مبینہ طور پر کچھ افراد نے ان کا تعاقب کر کے حملہ کیا۔ جان بچانے کے لیے انہوں نے ٹنل نمبر 5 کے نزدیک نالہ میں چھلانگ لگا دی۔

احتجاجی مظاہرین نے واقعے میں ملوث تمام افراد کی فوری گرفتاری، ریسکیو آپریشن کی بحالی اور تحقیقات میں شفافیت کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا الزام تھا کہ ریسکیو کارروائی اتوار کی رات روک دی گئی اور گرفتار افراد کو رامسو تھانے میں نہیں رکھا گیا۔

ایس ایس پی رام بن ارون گپتا نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے، جس کی سربراہی ایس ڈی پی او بانہال سریندر سنگھ بلوریا کر رہے ہیں۔ سینئر افسران نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے اور شاہراہ بحال کرنے کی اپیل کی۔

ایس آئی ٹی سربراہ نے بتایا کہ کیس کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں اور عوامی خدشات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

ادھر نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی ٹیم بھی مکرکوٹ پہنچ چکی ہے اور لاپتہ نوجوان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔

حکام نے افواہوں کی روک تھام اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضلع رام بن میں انٹرنیٹ سروس سست کر دی ہے۔

اس دوران ٹریڈرز فیڈریشن بانہال کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد واپس لے لی گئی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande