
ایل جی لداخ نے دراس کے دورے کے دوران زوجیلا ٹنل کے مشرقی پورٹل کا معائنہ کیا
جموں، 13 اپریل (ہ س)۔ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ نے دراس کے دورے کے دوران زوجیلا ٹنل کے مشرقی پورٹل کا معائنہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ یہ پروجیکٹ لداخ کو سال بھر ہر موسم میں رابطہ فراہم کرنے کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹنل کی تعمیر میگا انجنئیرنگ اینڈ افاسٹریکچر لیمٹیڈ کے ذریعے 6808.69 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری ہے اور اس کی تکمیل فروری 2028 تک متوقع ہے، جبکہ ٹنل کا بریک تھرو 2026 کے وسط تک ہونے کی امید ہے۔
پروجیکٹ میں جدید سہولیات شامل ہیں، جن میں ہر 750 میٹر پر لی بائیز اور تین وینٹیلیشن شافٹس شامل ہیں۔ کھدائی کے لیے نیو آسٹرین ٹنلنگ میتھڈ استعمال کیا جا رہا ہے، تاہم بعض مقامات پر کمزور چٹانوں کے باعث کام کی رفتار متاثر ہوئی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور حفاظتی معیارات پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔
انہوں نے زوجیلا ٹنل کو وزیر اعظم نریندر مودی کا ایک اہم خوابوں کا منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تکمیل سے لداخ اور ملک کے دیگر حصوں کے درمیان رابطہ بہتر ہوگا، سیاحت کو فروغ ملے گا اور خطے میں معاشی و سماجی ترقی کو تقویت ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر