
جموں، 13 اپریل (ہ س)۔
جموں سرینگر قومی شاہراہ مکرکوٹ، ضلع رام بن میں احتجاج کے باعث تقریباً چار گھنٹے بند رہنے کے بعد پیر کی دوپہر بحال کر دی گئی۔سرکاری ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان اور ایس ایس پی ارون گپتا کی مداخلت کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے، جس کے نتیجے میں شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت دوبارہ شروع ہو گئی۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ احتجاج کے سبب شاہراہ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں، تاہم صورتحال اب معمول پرآچکی ہے۔انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے کے سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور معاملے کی شفاف تحقیقات کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا، لاپتہ نوجوان تنویر احمد چوپان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ مقامی افراد کے مطابق نوجوان مبینہ طور پر کچھ افراد کے تعاقب کے بعد نالہ بشلاری میں کود گیا تھا۔حکام نے بتایا کہ تلاش مہم میں نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ادھر، کانگریس رہنما ایڈوکیٹ فیروز خان نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات ضلع رام بن کے پُرامن ماحول کو متاثر نہیں کرنے چاہئیں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ امن و امان برقرار رکھیں۔
اسی دوران، ڈی پی اے پی کے رہنما سلمان نظامی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے فوری گرفتاری اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا، جبکہ عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر