
بڑا تالاب کے کنارے تجاوزات پر انتظامیہ کی کارروائی، جے سی بی سے کئی پختہ تعمیرات مسمار
۔ 15 دن میں ہٹیں گی 347 تجاوزات
بھوپال، 13 اپریل (ہ س)۔ راجدھانی بھوپال کے بڑا تالاب کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے چلائی جا رہی مہم کے تحت پیر کو بھی کارروائی کی گئی۔ ٹی ٹی نگر ایس ڈی ایم سرکل کی ٹیم سیونیا اور گورا گاوں پہنچی، جہاں تالاب کی حدود میں بنی باونڈری وال سمیت کئی پختہ تعمیرات کو جے سی بی سے مسمار کر دیا گیا۔
یہ کارروائی ایس ڈی ایم ارچنا شرما اور تحصیلدار کنال راوت کی ہدایت پر کی گئی۔ موقع پر کسی بھی تنازعہ کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس فورس بھی تعینات رہی۔ دوپہر تک جاری رہنے والی اس کارروائی میں آدھا درجن سے زائد تجاوزات ہٹائی گئیں۔
واضح رہے کہ انتظامیہ نے پہلے ہی تالاب کے گرد و نواح میں کل 347 تجاوزات کی نشاندہی کر رکھی ہے، جنہیں اگلے 15 دنوں میں ہٹانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ افسران کے مطابق، 16 مارچ 2022 کو نافذ ہونے والے ’بھوج ویٹ لینڈ‘ قوانین کے بعد بننے والی تمام تعمیرات ہٹائی جائیں گی۔ ساتھ ہی، بڑا تالاب کے فل ٹینک لیول (ایف ٹی ایل) سے 50 میٹر کے دائرے میں آنے والی تجاوزات پر خصوصی طور پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ گزشتہ دو ماہ سے ضلع انتظامیہ تجاوزات کی شناخت میں مصروف تھی۔ اس دوران گورا گاوں اور بشن کھیڑی میں سب سے زیادہ غیر قانونی قبضے سامنے آئے، جبکہ بیرا گڑھ اور بہیٹا کے علاقوں میں بھی تالاب کی حدود پر بڑے پیمانے پر تعمیرات کی گئی ہیں۔
آئندہ کارروائی کا شیڈول
16-15 اپریل: بیرا گڑھ - مکانات اور میرج گارڈن پر کارروائی
17 اپریل: حضور تحصیل - سرکاری زمین سے قبضے ہٹیں گے
19-18 اپریل: ٹی ٹی نگر - بقیہ تجاوزات ہٹائی جائیں گی
20 اپریل: بیرا گڑھ - بچی ہوئی تجاوزات ہٹیں گی
21 اپریل: حضور تحصیل - آخری مرحلے کی کارروائی
ٹی ٹی نگر ایس ڈی ایم سرکل کے تحت آنے والے گاوں میں سب سے زیادہ تجاوزات درج کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، ون وہار نیشنل پارک کے علاقے میں حد بندی کے دوران تقریباً 2.5 کلومیٹر میں 100 سے زیادہ پلر لگائے جانے کی معلومات بھی سامنے آئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن