
جموں, 13 اپریل (ہ س)جموں و کشمیر کے سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں فوج نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ایسز آف اسپیڈز ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل کوشک مکھرجی نے پیر کے روز ’راجوری ڈے‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج ہر وقت چوکس ہے اور سرحدوں پر مکمل تیاری کے ساتھ تعینات ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی عوام، انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کے درمیان بہتر تال میل دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور آئندہ بھی یہ اشتراک جاری رہے گا۔واضح رہے کہ ’راجوری ڈے‘ ہر سال 13 اپریل کو 1947-48 کی جنگ میں شہید ہونے والے جوانوں کی یاد میں منایا جاتا ہے، جنہوں نے راجوری کو دشمن کے قبضے سے آزاد کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔میجر جنرل مکھرجی نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کا تعاون اندرونی سلامتی کو مزید مضبوط بناتا ہے، جو خطے کی سب سے بڑی طاقت ہے۔
انہوں نے آپریشن سندور کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والے افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، جن میں راجوری کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر راج کمار تھاپا، صوبیدار میجر پون کمار، حوالدار سنیل کمار، لانس نائیک دنیش کمار اور اگنی ویر مرلی نائک شامل ہیں، جنہیں بعد از مرگ سینا میڈل سے نوازا گیا۔اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ فوج راجوری اور پونچھ میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے کئی نئی پہل کر رہی ہے۔ پلاسٹک آلودگی سے نمٹنے کے لیے ایک پلانٹ نصب کیا جائے گا جو پلاسٹک کچرے کو انٹرلاکنگ ٹائلز میں تبدیل کرے گا، جنہیں لائن آف کنٹرول کے قریب راستوں کی تعمیر میں استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ماحولیات کا تحفظ ہوگا بلکہ مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور فوج کی نقل و حرکت میں آسانی آئے گی۔میجر جنرل نے ’ڈیجیٹل بھارت درشن‘ پروگرام کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو ہر ماہ کلاس روم سے ہی ملک کے بڑے شہروں کا ورچوئل دورہ کرایا جائے گا، تاکہ انہیں ملکی ترقی سے جوڑا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر