
جموں, 13 اپریل (ہ س)سالانہ شری مچیل ماتا یاترا 2026 کے پیش نظر ضلع انتظامیہ کشتواڑ نے تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پنکج کمار شرما نے ایس ایس پی نریش سنگھ کے ہمراہ پاڈر کے دو روزہ دورے کے دوران گلاب گڑھ میں میٹنگ اور مچیل میں عوامی دربار منعقد کیا۔
یاترا 14 اپریل سے شروع ہوگی اور اس میں لاکھوں عقیدت مندوں کی شرکت متوقع ہے۔
جائزہ میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف ترقیاتی کاموں، سڑک رابطہ، پلوں کی تعمیر اور بنیادی سہولیات کی دستیابی پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ یاتریوں کے لیے پینے کے پانی، بجلی، صفائی اور طبی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔
انتظامیہ نے اس سال آر ایف آئی ڈی کارڈ جاری کرنے اور ٹریکنگ سسٹم کو یاترا سے قبل مکمل طور پر فعال بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا بیشتر کام مکمل ہو چکا ہے۔
سیکورٹی کے حوالے سے پولیس کو اضافی نفری تعینات کرنے، نگرانی کے نظام نصب کرنے اور یاترا روٹ پر چیک پوائنٹس قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
بی آر او کو چشوتی گاؤں میں عارضی بیلی پل تعمیر کرنے جبکہ پی ایم جی ایس وائی کو اٹھولی–پلالی سڑک اور مسّو پل کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی گئی۔ پی ڈبلیو ڈی کو یاتری بھون اور تحصیل دفتر کی تعمیر جلد مکمل کرنے اور مؤثر قطار بندی نظام قائم کرنے کے احکامات دیے گئے۔
محکمہ صحت کو گلاب گڑھ اور مچیل میں طبی ٹیمیں تعینات کرنے، ایمبولینسز فراہم کرنے اور ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی، جبکہ بجلی اور ٹیلی کام محکموں کو بلا تعطل خدمات فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔
انتظامیہ نے یاترا کے دوران نشہ آور اشیاء اور غیر سبزی خور کھانوں پر پابندی عائد کرنے، پلاسٹک فری ماحول برقرار رکھنے اور صفائی کے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مچیل میں 25 بیت الخلاء تعمیر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
عوامی دربار کے دوران ڈپٹی کمشنر نے لوگوں کے مسائل سنے اور کئی شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کی سلامتی، سہولت اور بہتر انتظام اولین ترجیح رہے گی۔
ایس ایس پی نریش سنگھ نے بھی سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے یاترا کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر