
جموں, 12 اپریل (ہ س)جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں اتوار کی علی الصبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ نیشنل سنٹر فار سسمالوجی کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.6 ریکارڈ کی گئی۔محکمہ کے مطابق زلزلہ صبح 4 بج کر 23 منٹ پر آیا، جس کی گہرائی زمین کے اندر تقریباً 10 کلومیٹر تھی، جبکہ اس کا مرکز 33.090 شمالی عرض البلد اور 75.928 مشرقی طول البلد پر واقع تھا۔
این سی ایس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں زلزلے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اسی مقام پر ایک اور جھٹکا بھی ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق زلزلے زمین کی سطح سے لے کر تقریباً 700 کلومیٹر کی گہرائی تک کہیں بھی آ سکتے ہیں۔ سائنسی طور پر انہیں تین اقسام میں تقسیم کیا جاتا ہے: کم گہرائی (0 سے 70 کلومیٹر)، درمیانی گہرائی (70 سے 300 کلومیٹر) اور زیادہ گہرائی (300 سے 700 کلومیٹر)۔ عمومی طور پر 70 کلومیٹر سے زیادہ گہرائی والے زلزلوں کو ڈیپ فوکس زلزلے کہا جاتا ہے۔
تاحال زلزلے کی وجہ ات کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔تاہم زلزلے کے جھٹکے سے عوام میں خوف کی لہر دوڑ گئی چونکہ ماضی میں کئی مرتبہ زلزلوں کا سلسلہ ایک ماہ تک جاری رہا ہے ۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر