آشا بھوسلے کی آخری رسومات پیر کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی
آشا بھوسلے کی آخری رسومات پیر کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی ممبئی، 12 اپریل (ہ س)۔ نامور پلے بیک سنگر آشا بھوسلے کی آخری رسومات پیر کے روز ممبئی کے دادر واقع شیواجی پارک میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ 92 سالہ آشا بھوسلے کا
Demise Maha Asha Bhosle Funeral


آشا بھوسلے کی آخری رسومات پیر کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی

ممبئی، 12 اپریل (ہ س)۔ نامور پلے بیک سنگر آشا بھوسلے کی آخری رسومات پیر کے روز ممبئی کے دادر واقع شیواجی پارک میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ 92 سالہ آشا بھوسلے کا اتوار کے روز ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں انتقال ہو گیا۔

اطلاعات کے مطابق ہفتہ کے روز اچانک طبیعت بگڑنے کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ گزشتہ آٹھ دہائیوں سے اپنی آواز کے ذریعے بھارتی سنیما کو مسحور کرنے والی اس عظیم گلوکارہ کے انتقال سے فنِ موسیقی کی دنیا ایک سنہرے دور سے محروم ہو گئی ہے۔

آشا بھوسلے کے بیٹے آنند بھوسلے نے بتایا کہ ان کی والدہ کو ہفتہ کے دن اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں ان کے اعضا نے کام کرنا بند کر دیا تھا، جس کے باعث ان کا انتقال ہو گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پیر کے روز صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ان کے جسد خاکی کو لوئر پریل میں آخری دیدار کے لیے رکھا جائے گا، جس کے بعد شام 4 بجے شیواجی پارک میں آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

مہاراشٹر کے وزیر برائے ثقافتی امور آشیش شیلار نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج مہاراشٹر ہی نہیں بلکہ پورا ملک سوگوار ہے اور ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آشا تائی کی آواز نے برسوں تک لوگوں کو سکون دیا اور وہ دکھ کو اپنے اندر سمو کر دوسروں کو خوشی دینے کا ہنر رکھتی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آشا بھوسلے کی کامیابیوں کے دنیا بھر میں چرچے تھے اور ان کا اس دنیا سے رخصت ہونا ایک ایسا نقصان ہے جس کا خلا شاید کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔ خاندان کی خواہش کے مطابق ان کی میت کو لوئر پریل میں رکھا جائے گا تاکہ لوگ آخری دیدار کر سکیں، جس کے بعد شیواجی پارک کے شمشان گھاٹ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande