انتخابات کے بعد ڈی ایم کے ٹوٹ جائے گی، کنیموجھی الگ پارٹی بنائیں گی: اناملائی
کوئمبٹور، 11 اپریل (ہ س)۔ تمل ناڈو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق صدر کے اناملائی کپوسامی نے دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ انسداد بدعنوانی ایجنسیوں نے حکومت کے خلاف درج شکایات پر ابھی تک کوئی ٹھوس
TN-ANNAMALAI-ATTACK-DMK-GOVERNMENT


کوئمبٹور، 11 اپریل (ہ س)۔ تمل ناڈو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق صدر کے اناملائی کپوسامی نے دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ انسداد بدعنوانی ایجنسیوں نے حکومت کے خلاف درج شکایات پر ابھی تک کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی ہے۔

کوئمبٹور میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، اناملائی نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے تقریباً 160 کروڑ روپے کی بدعنوانی سے متعلق ثبوت انسداد بدعنوانی اور ویجیلنس ڈائریکٹوریٹ کو جمع کرائے ہیں، لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیشی افسروں نے بی جے پی کے دفتر ”کملالیم“ کا دورہ کیا لیکن اس معاملے میں کوئی ٹھوس پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی۔

آئندہ اسمبلی انتخابات کے تعلق سے اناملائی نے یقین ظاہر کیا کہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) 210 سے زیادہ سیٹیں جیتے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انتخابی شکست کے بعد ڈی ایم کے ٹوٹ جائے گی اور کنیموجھی ایک الگ پارٹی بنا سکتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈی ایم کے تمل ناڈو میں اقتدار میں واپس نہیں آسکے گی اور اقتدار کی تبدیلی کے بعد بدعنوانی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، انہیں جیل بھیج دیا جائے گا۔

فلم سے متعلق ایک معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، اناملائی نے وجے کی فلم ”جن نایکن“ کے لیک ہونے کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر معاملے کی تحقیقات مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)کے حوالے کی جاتی ہے، تو بی جے پی اس کی مکمل حمایت کرے گی۔

انہوں نے مرکزی وزیر ایل مروگن کے نام کو تنازعہ سے جوڑنے کو ”نفرت کی انتہا“ قرار دیا۔ کوئمبٹور جنوب اسمبلی حلقے کے لیے سینتھل بالاجی کو چیلنج کرتے ہوئے، اناملائی نے الزام لگایا کہ وہ ”ٹاسمیک کے پیسوں“ سے الیکشن لڑنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن انھیںیہاں اب تک کی سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس کے علاوہ، اناملائی نے ریاست میں امن و امان کی صورتحال، منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت، سرکاری اسکولوں کے گرتے ہوئے معیار اور بنیادی ڈھانچے کی کمی جیسے مسائل کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ عوام ان وجوہات کی وجہ سے ڈی ایم کے حکومت سے ناخوش ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande