
نادیہ، 11 اپریل (ہ س)۔ انتخابی ماحول کے درمیان، ہفتہ کی دوپہر نادیہ ضلع کے ایک اسکول میں زور دار دھماکے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ یہ واقعہ کلیانی اسمبلی حلقہ کے ساگونا گرام پنچایت کے تحت گھوڑاگاچھا سیکنڈری ایجوکیشن سنٹر میں پیش آیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، دوپہر ایک بجے کے قریب ہونے والے دھماکے کی آواز نے پورے اسکول کیمپس کو ہلا کر رکھ دیا۔ دھماکے کی شدت اتنی تھی کہ عمارت کی ایسبیسٹس چھت کا ایک حصہ تباہ ہوگیا۔ تاہم یہ بات راحت کی تھی کہ اس وقت اسکول میں کوئی طالب علم موجود نہیں تھا جس سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔ اس وقت اسکول میں چار اساتذہ موجود تھے جنہوں نے آواز سنتے ہی موقع پر پہنچ کر نقصان کا معائنہ کیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ کلیانی کی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ سنٹرل فورس کے افسران بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور پورے علاقے کا جائزہ لیا۔ تفتیش کے حصے کے طور پر ڈرون کا استعمال کرتے ہوئے سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔
فی الحال دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ دھماکہ خیز مواد اسکول کے احاطے میں کیسے پہنچا۔ انتخابی ماحول کے پیش نظر واقعہ کے پیچھے سیاسی سازش کا امکان بھی تلاش کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور والدین میں تشویش پائی جاتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد