مدھیہ پردیش کے کونو نیشنل پارک میں چیتوں کے خاندان میں اضافہ ، مادہ چیتا گامنی نے چار بچوں کو جنم دیا
۔ ہندوستان میں چیتوں کی تعداد بڑھ کر 57 ہو گئی
مادہ چیتا گامنی کی وزیر اعلیٰ کے ذریعے شیئر کی گئی تصویر


شیوپور، 11 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے شیوپور ضلع میں واقع کونو نیشنل پارک میں ایک بار پھر چیتوں کے خاندان میں اضافہ ہوا ہے۔ یہاں ہندوستانی نژاد مادہ چیتا ’گامنی‘ نے چار بچوں کو جنم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان میں چیتوں کی کل تعداد بڑھ کر 57 ہو گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پر یہ معلومات شیئر کی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے مادہ چیتا گامنی کی بچوں کے ساتھ فوٹو بھی شیئر کی ہے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا ہے کہ مدھیہ پردیش اب چیتوں کے ’احیاء‘ کے اہم مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ کونو کے کھلے جنگلوں میں ’گامنی‘ چیتے سے پیدا ہونے والی 25 ماہ کی ہندوستانی نژاد مادہ چیتا کے ذریعے چار بچوں کی پیدائش اس بات کا ثبوت ہے کہ مدھیہ پردیش کی سرزمین چیتوں کی نسل بڑھانے کے لیے پوری طرح سازگار ہے۔ فطرت اور جنگلی حیات کے تحفظ کے تئیں ہماری وابستگی کامیاب ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کے لیے کونو کے منتظمین اور جنگلی حیات کے جانوروں کے ڈاکٹروں کو مبارکباد دی ہے۔

وہیں مرکزی وزیر برائے جنگلات و ماحولیات بھوپیندر یادو نے سوشل میڈیا ایکس کے ذریعے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور محکمہ جنگلات کی ٹیم اور اس پروجیکٹ سے وابستہ تمام ملازمین کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونو نیشنل پارک میں چل رہے چیتا تحفظ پروجیکٹ کو یہ ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ 2022 میں چیتا بحالی پروگرام شروع ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہے، جب کسی چیتا نے قدرتی جنگلی ماحول میں بچوں کو جنم دیا ہے۔ یہ کامیابی اس لیے بھی خاص ہے، کیونکہ یہ کسی ہندوستانی نژاد مادہ چیتا کی پہلی کامیاب زچگی مانی جا رہی ہے۔

ادھر، محکمہ جنگلات کے افسران نے بتایا کہ مادہ چیتا گامنی گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے کھلے جنگل میں رہ رہی تھی اور وہ قدرتی حالات کے مطابق پوری طرح ڈھل چکی تھی۔ جنگل میں بچوں کی پیدائش اس بات کی علامت ہے کہ کونو کا ماحول اب چیتوں کے لیے سازگار ثابت ہو رہا ہے اور وہ یہاں محفوظ طریقے سے افزائش نسل کر پا رہے ہیں۔

چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ (سی سی ایف) اتم کمار شرما نے بتایا کہ مادہ چیتا گامنی نے چار بچوں کو جنم دیا ہے۔ یہ کامیابی پروجیکٹ کے بنیادی مقصد کی سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔ اس پروجیکٹ کا مقصد چیتوں کو قدرتی ماحول میں قائم کرنا اور ان کی افزائش نسل کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ماں بننے والی چیتا گامنی خود بھی ایک بچہ رہی ہے، جو اب صحت مند طریقے سے افزائش نسل کر رہی ہے۔ یہ پروجیکٹ کی طویل مدتی کامیابی کا اشارہ ہے۔

کونو کے افسران نے بتایا کہ مادہ چیتا گامنی اور اس کے تمام نوزائیدہ بچے مکمل طور پر صحت مند ہیں اور ان کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ ان چار نئے ننھے مہمانوں کی آمد کے بعد اب ہندوستان میں چیتوں کی کل تعداد بڑھ کر 57 ہو گئی ہے۔ ان میں سے 54 چیتے کونو نیشنل پارک میں ہیں، جبکہ تین چیتوں کو مندسور ضلع کے گاندھی ساگر سنکچری کے کھلے جنگلوں میں چھوڑا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande