
وزیر دفاع نے رائسین میں سہ روزہ انت کرشی مہوتسو 2026 کا کیا آغاز
بھوپال، 11 اپریل (ہ س)۔
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک کی سرحد پر جوان اور کھیتوں میں کسان دونوں کی یکساں اہمیت ہے۔ دونوں ہی اپنی مٹی کی جان و دل سے خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔ کسان ہمارے ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ہماری طاقت ہیں۔ ان کے بغیر ہمارے کھانے کی تھالی ناقص ہے۔ انہوں نے کسانوں کے تئیں حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ گاوں، غریب، خاتون، نوجوان اور کھیتی کسانی کی مسلسل بہتری کے لیے ہماری کوششیں آگے بھی اسی طرح جاری رہیں گی۔
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ ہفتہ کو مدھیہ پردیش کے رائسین ضلع ہیڈ کوارٹر پر واقع دسہرہ میدان میں منعقدہ ’’انت کرشی مہوتسو 2026‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی مسکراہٹ ہی ہمارا سرمایہ ہے۔ کھیتی کسانی بڑے جوکھم کا کام ہے، پھر بھی ہمارے کسان پوری محنت اور لگن سے اہل وطن کا پیٹ بھرتے ہیں۔ کسانوں کی فلاح و بہبود ہمارا ہدف ہے۔ ان کی بہتری کے لیے ہم عہد بند ہو کر کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ خود ایک کسان کے بیٹے ہیں۔ کسانوں کے دکھ اور ان کی ضرورتوں سے واقف ہیں۔ وزیراعظم کسان سمان ندھی ملک کے کسانوں کی فلاح و بہبود کی سمت میں ہماری مضبوط کوشش ہے۔ کسان سمان ندھی کے طور پر ہر اہل کسان کے بینک کھاتے میں 6000 روپے براہ راست ٹرانسفر کیے جا رہے ہیں، جس سے وہ کھاد، بیج اور کھیتی کسانی کا دیگر ضروری سامان خرید سکیں۔ یہ کسانوں کی محنت کا احترام ہے۔ اب تک ہماری حکومت ہزاروں کروڑ روپے کی امداد کسان بھائیوں کو دے چکی ہے۔
اس سے پہلے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، مرکزی وزیر برائے زراعت و کسان فلاح و بہبود اور دیہی ترقی شیوراج سنگھ چوہان اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے سہ روزہ زرعی فیسٹیول نمائش اور تربیتی پروگرام کا شمع روشن کر کے باقاعدہ آغاز کیا۔ مرکزی وزارت زراعت اور ریاستی حکومت کے محکمہ زراعت کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ اس پروگرام میں کسانوں کو مٹی کے معائنے میں مدد کے لیے سوائل موبائل ایپ ای-فارم لانچ کیا گیا۔ اس ایپ کی مدد سے کسان بھائی خود اپنے کھیت کی مٹی کی صحت جانچ سکیں گے۔ پروگرام میں نروائی مینجمنٹ، کسٹم ہائرنگ اور دیگر سرکاری اسکیموں کے 10 علاقائی مستحق کسانوں کو اسٹیج سے فوائد تقسیم کئے گئے۔ اس دوران ملک میں زرعی شعبے میں تیزی سے ہو رہی ترقی پر مبنی پرکشش مختصر فلم (اے وی) کی نمائش بھی کی گئی۔ انت کرشی مہوتسو 13 اپریل تک جاری رہے گا۔
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے مدھیہ پردیش کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کی مضبوط اور محنتی قیادت میں مدھیہ پردیش مسلسل ترقی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائسین کی زرخیز زمین پر ہو رہا یہ انت کرشی مہوتسو ریاست کے کسانوں کی تقدیر اور ان کی مالی حالت کی تصویر بدلنے میں بے حد مددگار ثابت ہوگا۔ اس کرشی مہوتسو میں کسانوں کو سرکاری اسکیموں کے ساتھ بچولیوں سے پاک مارکیٹ سمیت ویئر ہاوسنگ اور کولڈ اسٹوریج قائم کرنے کے لیے تمام اہم معلومات دی جا رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ملک کی قلبی ریاست کو ایک الگ شناخت دی ہے۔ مدھیہ پردیش کے کسانوں کی محنت اور لگن مثالی ہے۔ ریاست کے عوام کی مہمان نوازی دل جیت لیتی ہے، یہ مدھیہ پردیش کی خاصیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں مرکزی حکومت نے کسانوں کے لیے بے مثال کام کیے ہیں۔ وزیر اعظم فصل بیمہ یوجنا کسانوں کے لیے ایک تحفے کی طرح ہے۔ اس میں قدرتی آفت سے فصلوں کو ہونے والے نقصان کی تلافی اب فصل بیمہ کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ حکومت ہند نے ملک کے تمام کسانوں کو سوائل ہیلتھ کارڈ دیے ہیں۔ اس کی مدد سے کسان پتہ لگا پا رہے ہیں کہ ان کے کھیت میں کون سی فصل لی جا سکتی ہے اور انہیں کھاد کی کتنی مقدار ڈالنی ہے۔ اس سے زراعت کی لاگت گھٹی ہے۔ حکومت ہند نے گاوں گاوں تک سڑکیں، نل سے جل، بجلی کنکشن دیے اور گاوں کو شہروں سے جوڑا ہے۔ ملک بھر کی منڈیاں آن لائن ہونے سے کسان اب گھر بیٹھے اپنی پیداوار فروخت کر سکتا ہے۔ ہماری حکومت نے فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) بڑھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں اور گاوں کے لیے ابھی بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے فنڈز کی کمی کبھی آڑے نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے وزیر دفاع ہیں، لیکن دل سے ایک کسان بھی ہیں۔
وزیر دفاع سنگھ نے کسانوں کے مفاد میں وزارت دفاع کی جانب سے کی گئی اختراعات کی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ ہم نے ملک بھر میں موجود فوج کی چھاونیوں کے آس پاس کے کسانوں سے ہی قدرتی کھیتی سے پیدا کیے گئے پھل اور سبزیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قدرتی اور نامیاتی کھیتی سے پیدا شدہ پھل اور سبزیوں کے استعمال سے جوانوں کی صحت بھی اچھی ہوئی ہے۔ ہم نے ان غذائی مصنوعات کو باہر سے منگوانا بند کر دیا ہے۔ اس سے کسانوں کی آمدنی بڑھی ہے اور ان کا معیار زندگی بہتر ہوا ہے۔ وزارت دفاع نے ’شری ان‘ (موٹے اناج) کو بھی فروغ دیا ہے۔ اس سے چھاونی کے علاقوں کے آس پاس کے کسانوں کو شری ان کی مناسب قیمت مل رہی ہے۔ ہماری کوششوں سے جے جوان، جے کسان کا نعرہ سچے معنوں میں شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کسانوں پر ہی ٹکی ہوئی ہے۔ کسانوں کی تیار کردہ اجناس ٹرانسپورٹ اور صنعتی شعبے کو بھی رفتار دیتی ہیں۔ کسان صرف اناج ہی نہیں، وہ معیشت، روزگار اور خدمات کو بھی آگے بڑھاتا ہے۔ کسانوں کے بغیر معیشت بے جان ہے۔ ہماری حکومت کھیتی کے پیشے کو بڑے احترام سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان ساتھی کھیتی کسانی کے پیشے سے وابستہ ہوں۔ بھارتی نوجوانوں کی طاقت کی تعریف پوری دنیا میں ہو رہی ہے۔ کھیتی کو ڈرون، موبائل سینسر جیسی جدید ٹیکنالوجی اور اختراعات کے ساتھ آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ مٹی کی جانچ، موسم کی پیش گوئی، فصلوں کی نگرانی ٹیکنالوجی سے کی جا سکتی ہے۔ فوڈ پروسیسنگ سے بھی خام زرعی مصنوعات کو پروسیس کر کے فائدہ کمایا جا سکتا ہے۔ اس شعبے میں نوجوان ساتھی نیا اسٹارٹ اپ شروع کر کے کسانوں کو بچولیوں اور ساہوکاروں کے چنگل سے بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں بے پناہ امکانات ہیں۔ گاوں کے نوجوان اس سے جڑیں گے تو کھیتی فخر کا موضوع بنے گی اور ہمارے کسان خود کفیل زندگی جی سکیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن