


ملک میں چل رہا ہے کسانوں کی ترقی کا مہا یگیہ: شیوراج سنگھ
بھوپال، 11 اپریل (ہ س)۔
مرکزی وزیر برائے زراعت و کسان فلاح و بہبود اور دیہی ترقی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے زراعت کی ترقی ضروری ہے۔ ہمارے لیے کسان ہی بھگوان ہے اور ان کی خدمت ہی ہماری پوجا ہے۔ ملک میں کسانوں کی ترقی کا مہا یگیہ چل رہا ہے۔ ہمارا ہدف 140 کروڑ اہل وطن کو بھرپیٹ کھانا فراہم کرنا ہے۔ ہمیں زرعی پیداوار بڑھانی ہے اور زراعت کی لاگت بھی گھٹانی ہے۔
مرکزی وزیر زراعت چوہان ہفتہ کو مدھیہ پردیش کے رائسین ضلع ہیڈ کوارٹر پر واقع دسہرہ میدان میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کی موجودگی میں منعقدہ ’’انت کرشی مہوتسو 2026‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ پہلے ملک کے وزیر زراعت بھی رہے ہیں۔ وہ خود ایک کسان ہیں۔ آج رائسین کی مقدس زمین پر علم، سائنس، تحقیق اور زراعت کا سنگم ہو رہا ہے۔ یہ کسانوں کے لیے ایک پاٹھ شالہ کی طرح ہے، جہاں کسانوں کو زراعت کی نئی تکنیکیں سیکھنے کا موقع ملے گا۔ مرکزی وزیر زراعت چوہان نے کہا کہ رائسین ضلع زراعت سمیت ہر شعبے میں آگے ہے، یہاں کی دھان اور گیہوں دنیا بھر میں مشہور ہے۔ رائسین میں دو عالمی ثقافتی ورثے سانچی اور بھیم بیٹھکا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہمیں طاقتور ترقی یافتہ ہندوستان بنانا ہے۔ ملک کو مضبوط ارادوں والے وزیر اعظم اور وزیر دفاع ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں زراعت سے کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے مربوط کھیتی (انٹیگریٹڈ فارمنگ) پر معلومات فراہم کی جائیں گی۔ انٹیگریٹڈ فارمنگ سے ایک ایکڑ میں دو لاکھ تک کی آمدنی حاصل کی جا سکتی ہے۔ کھیتی سے جڑے الگ الگ موضوعات پر 20 سیشن منعقد کیے گئے ہیں۔ اس میں بیج سے لے کر بازار تک کسانوں کو ہر طرح کے سپورٹ کی معلومات دی جائیں گی۔ مٹی کی جانچ کے لیے نیا موبائل ایپ لانچ کیا گیا ہے۔ کسان اپنی دلچسپی کے مطابق سیشنز میں بیٹھ کر معلومات حاصل کریں۔ اس علاقے کے کسانوں کی تقدیر بدلنے کے لیے ہی یہ مہوتسو منایا جا رہا ہے۔
مرکزی وزیر چوہان نے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پورا سال ہی کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انت کرشی مہوتسو میں 12 اپریل کو ان کے پارلیمانی حلقے کے 4-5 اضلاع کا زرعی روڈ میپ پیش کیا جائے گا۔ مرکزی وزارت زراعت اسے رائسین، بھوپال، ودیشا، سیہور سے شروع کر کے پورے ملک میں نافذ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ رائسین کو ہارٹیکلچر ہب بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ دالوں کے مشن کے تحت کسانوں کو ارہر، مسور، اڑد اور مونگ پھلی کی پیداوار کے لیے ترغیب دی جا رہی ہے۔
پروگرام میں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دنیا میں ہندوستان کا ایک الگ امیج بن رہا ہے۔ مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان ملک میں زرعی شعبے کی کامیابی کی پہچان بن چکے ہیں۔ کسانوں کی محنت سے اب ہمارا ملک دوگنی غذائی اجناس برآمد کر رہا ہے۔ مدھیہ پردیش کا صرف رائسین ضلع ہی دنیا کے 47 سے زیادہ ممالک کو باسمتی چاول برآمد کر رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے ہاتھوں کچھ دن پہلے ہی مدھیہ پردیش میں بی ای ایم ایل کے پہلے ریل کارخانے کا بھومی پوجن ہوا ہے اور آج وہ کسانوں کو اپنی رہنمائی دینے آئے ہیں۔ ہندوستان کا ہر شعبے میں مان سمان بڑھ رہا ہے۔ راجناتھ سنگھ مدھیہ پردیش کے لیے شبھنکر مرکزی وزیر ہیں۔ کھیت کے محنت کش کسانوں اور سرحد پر بہادر جوانوں کے احترام میں وزیر دفاع کی موجودگی میں انت کرشی مہوتسو کا یہ انعقاد ان دونوں کے وقار کو بڑھانے والا ہے۔ جوانوں سے ہی ملک کی سرحدیں محفوظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومتوں میں ریاست کے کسانوں کو گیہوں اور دھان کی مناسب قیمت ملی ہے۔ اس سال ہم کسانوں سے 2625 روپے کم از کم امدادی قیمت پر گیہوں خرید رہے ہیں۔ ساتھ ہی 40 روپے فی کوئنٹل کا اضافی بونس بھی دے رہے ہیں۔ ریاست میں آبپاشی کا رقبہ بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ سال 03-2002 میں جہاں صرف ساڑھے سات لاکھ ہیکٹر رقبے میں آبپاشی کی سہولت دستیاب تھی، ہماری حکومت میں سیراب رقبہ بڑھ کر اب 55 لاکھ ہیکٹر تک پہنچ گیا ہے۔ ہم ریاست کے ایک کروڑ ہیکٹر زرعی رقبے کو سیراب کرنے کے ہدف کی تکمیل کے لیے مشن موڈ میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے غریب، کسان، نوجوان اور خاتون کی مجموعی فلاح و بہبود کے لیے مشن بنا کر مختلف اسکیموں کا آغاز کیا ہے۔ ہماری حکومت، مرکزی حکومت کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کام کر رہی ہے۔ ہم نے سال 2026 کو کسانوں کے لیے وقف کر کے اس پورے سال کو کسان فلاح و بہبود کا سال قرار دیا ہے۔ پورے سال ہم کسانوں کی بہتری اور زراعت پر مبنی صنعتوں کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رائسین میں ہو رہا یہ انت کرشی مہوتسو کسانوں کے لیے ایک حیرت انگیز کوشش ہے۔ اس کا بنیادی مقصد کسانوں کی ہر طرح سے فلاح و بہبود کرنا ہی ہے۔ ہم نے ریاست کے ہر طبقے اور ہر شعبے کی ہمہ جہت ترقی کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ حکومت ہند کے ساتھ مل کر ہم ریاست کی ترقی کو نئی رفتار دیں گے۔ تقریب سے مدھیہ پردیش کے وزیر زراعت ایڈل سنگھ کنسانا اور سابق وزیر ڈاکٹر پربھورام چودھری نے بھی خطاب کیا۔ مرکزی وزارت زراعت میں جوائنٹ سکریٹری سنجے کمار اگروال نے استقبالیہ تقریر میں پروگرام سے متعلق معلومات شیئر کیں۔
زرعی فیسٹیول کے افتتاحی موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت بھاگیرتھ چودھری، مدھیہ پردیش کے وزراء کرن سنگھ ورما، نارائن سنگھ کشواہا، لکھن پٹیل، نارائن سنگھ پوار، نریندر شیواجی پٹیل، اتر پردیش کے وزیر مملکت برائے زراعت سوریا پرتاپ شاہی، رکن پارلیمنٹ درشن سنگھ چوہان، ارکان اسمبلی سریندر پٹوا و رماکانت بھارگو، سابق وزیر رام پال سنگھ، ضلع پنچایت صدر یشونت سنگھ مینا، مرکزی سکریٹری زراعت اتیش چندرا، انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کے ڈی جی ڈاکٹر ایم ایل جاٹ اور بڑی تعداد میں کسان بھائی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن