مرٹھواڑہ کے کئی اضلاع میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے ، ہنگولی، پربھنی اور ناندیڑ میں خوف و ہراس
۔ ریکٹر اسکیل پر شدت 4.7 ریکارڈ کی گئی ، کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں
Disaster Marathwada Earthquake


اورنگ آباد ، 11 اپریل (ہ س)۔ مہاراشٹر کے مرٹھواڑہ علاقے میں ہفتہ کی صبح 8:45 سے 8:46 کے درمیان ہنگولی، پربھنی اور ناندیڑ اضلاع میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا۔

ہنگولی ضلع میں ہنگولی شہر، بسمت، اونڈھا اور کلم نوری تعلقہ میں جیسے ہی جھٹکے محسوس ہوئے، لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ اس کے فوراً بعد پربھنی اور ناندیڑ کے مختلف علاقوں میں بھی زمین ہلنے کا احساس ہوا۔

اطلاعات کے مطابق پہلے 8:45 بجے ہنگولی میں جھٹکا محسوس ہوا، جبکہ ایک منٹ بعد یعنی 8:46 بجے پربھنی اور ناندیڑ میں بھی زلزلے کی کیفیت دیکھی گئی۔ گھروں کی کھڑکیاں اور برتن ہلنے لگے، جس سے لوگوں کو زلزلے کا احساس ہوا۔

ناندیڑ ضلع کے بعض علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جہاں دیہات کے لوگوں نے زمین ہلنے کی تصدیق کی۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.7 درج کی گئی، جس کی ریکارڈنگ لاتور کے زلزلہ پیمائش مرکز میں ہوئی۔

انتظامیہ کے مطابق خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔ پربھنی ضلع انتظامیہ نے بھی تصدیق کی کہ ہنگولی میں آنے والے زلزلے کے اثرات پربھنی کے بعض علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خوفزدہ نہ ہوں بلکہ محتاط رہیں اور صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔

انتظامیہ نے مزید کہا کہ افواہوں، غیر مصدقہ پیغامات اور جھوٹی اطلاعات سے گریز کیا جائے، جبکہ آفات سے نمٹنے والی ٹیمیں پوری طرح چوکس ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ زلزلے کے دوران پرسکون رہیں، مضبوط جگہ کا سہارا لیں، سر کو محفوظ رکھیں اور جھٹکے ختم ہونے کے بعد کھلی جگہ کی طرف منتقل ہوں۔

اسی طرح لفٹ کے استعمال سے گریز کرنے، بھاگ دوڑ نہ کرنے اور کمزور عمارتوں یا بجلی کی تاروں کے قریب نہ جانے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔ ہنگامی صورتحال میں شہری ضلع آفات انتظامیہ کنٹرول روم سے رابطہ کر سکتے ہیں، جہاں خصوصی ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیے گئے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande