
نئی دہلی، 10 اپریل (ہ س)۔ ہاکی انڈیا نے ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر ٹم وائٹ کی تقرری کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ تجربہ کار آسٹریلیائی کوچ نے حال ہی میں جنوری 2026 میں ہیرو ہاکی انڈیا لیگ میں تمل ناڈو ڈریگنز کے ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اب وہ ہندوستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
ٹم وائٹ کا کوچنگ کیریئر متاثر کن رہا ہے۔ ہندوستان آنے سے پہلے، وہ بیلجیئم کی انڈر 21 خواتین کی ٹیم کے کوچ رہے، جہاں انہوں نے ٹیم کو دسمبر 2025 میں جونیئر ورلڈ کپ میں کانسے کا تمغہ جیتنے میں مدد کی۔ انہوں نے 2021 سے 2024 تک بیلجیئم کی خواتین کی سینئر ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں بھی خدمات انجام دیں، اس دوران ٹیم کی عالمی درجہ بندی میں 12ویں نمبر سے بہتر ہوکر تیسرے مقام تک پہنچی اور ٹیم نے 2024پیرس اولمپک میں سیمی فائنل تک کا سفر طے کیا۔
وہ اس سے قبل آسٹریلیا کی جونیئر ٹیم کے قومی کوچ رہ چکے ہیں جہاں انہوں نے ٹیم کو جونیئر ورلڈ کپ میں کانسے کا تمغہ جیتنے میں مدد کی۔
اپنی تقرری کے بعد ٹم وائٹ نے کہا کہ ہندوستان میں ہاکی کے جذبے اور بھرپور روایت نے انہیں ہندوستان واپس آنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہاں کے نوجوان ٹیلنٹ کا قریب سے مشاہدہ کیا ہے اور ان کا مقصد ایسے کھلاڑیوں کو تیار کرنا ہے جو تکنیکی طور پر مضبوط ہوں اور سینئر ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے تیار ہوں۔
ٹیم کے تئیں اپنی منصوبندی کا اشتراک کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ وہ کھیل کو سادہ رکھتے ہوئے ٹیم کی اجتماعی اور انفرادی طاقت پر توجہ دیں گے۔ اس کا مقصد ایک ایسی ٹیم بنانا ہے جو جارحانہ ہاکی کھیلے لیکن دفاع میں نظم و ضبط برقرار رکھے۔ انہوں نے فٹنس اور دباو¿ میں کارکردگی کو بھی ترجیح دی۔
ٹم وائٹ کی تقرری کو ہندوستانی ہاکی میں جدید حکمت عملی اور نظم و ضبط لانے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ انہیں آسٹریلیا اور یورپ میں اعلیٰ کارکردگی کے پروگراموں کا وسیع تجربہ ہے۔
ہاکی انڈیا کے صدر دلیپ ٹرکی نے اس تقرری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ٹم وائٹ کا تجربہ اور کامیابیاں جونیئر ٹیم کے لیے اہم ہوں گی۔ سکریٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ اقدام جونیئر کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے میں اہم ہے اور انہیں سینئر سطح کے لیے بہتر طور پر تیار کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد