
نئی دہلی، 10 اپریل (ہ س)۔ احمد آباد، گجرات میں منعقد ہونے والے 2030 کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وفد فی الحال بھارت کا دورہ کر رہا ہے۔ کامن ویلتھ گیمز ایسوسی ایشن (انڈیا) نے جمعہ کو دولت مشترکہ کھیل کے اعلیٰ سطحی وفد کا خیرمقدم کیا۔
وفد کی قیادت کامن ویلتھ اسپورٹ کے صدر ڈاکٹر ڈونلڈ روکرے کر رہے ہیں اور اس میں سی ای او کیٹی سیڈلیئر کے علاوہ ڈائریکٹر گیمز اینڈ ایشورنس ڈیرن ہال بھی شامل ہیں۔ 8 اور 10 اپریل کے درمیان، ٹیم نے احمد آباد، گاندھی نگر، وڈودرا، اور ایکتا نگر میں کھیلوں کے اہم مقامات اور بنیادی ڈھانچے کا معائنہ کیا۔ اس دورے کے دوران، وفد نے مہاتما مندر، ویر ساورکر اسپورٹس کمپلیکس، نریندر مودی اسٹیڈیم، اور آئی آئی ٹی گاندھی نگر جیسے اہم مقامات کا دورہ کیا۔ مزید برآں، انہوں نے تیاریوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے گجرات حکومت اور مقامی انتظامیہ کے سینئر افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔
وفد نے بھارت میں کھیلوں کی انتظامیہ سے وابستہ اعلیٰ حکام سے بھی بات چیت کی۔ ان بات چیت میں کامن ویلتھ گیمز ایسوسی ایشن (انڈیا)، نوجوانوں کے امور اور کھیل کی وزارت اور دیگرشراکت دار شامل تھے، جہاں کھیلوں کے لیے منصوبہ بندی، انتظامی فریم ورک، اور نفاذ کی حکمت عملی پر تفصیل سے غور کیا گیا۔
دولت مشترکہ کھیلوں کے صدر ڈاکٹر ڈونالڈ روکرے نے کہا کہ ہندوستان میں تیاریوں کی سطح، کھیلوں کے مقامات کا معیار اور مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے فراہم کی جانے والی حمایت انتہائی متاثر کن ہے۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ 2030 میں ہونے والے دولت مشترکہ کھیلوں کا صد سالہ ایڈیشن ایک تاریخی موقع ہوگا، جو گیمز کی میراث کو برقرار رکھتے ہوئے مستقبل کے لیے نئی جہتیں قائم کرے گا۔
کامن ویلتھ گیمز ایسوسی ایشن (انڈیا) کی صدرپی ٹی اوشا نے بتایا کہ یہ ہندوستان کے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ وہ 2030 میں عالمی سطح کے دولت مشترکہ کھیلوں کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد