


اپڈیٹ۔۔۔ مدھیہ پردیش کے اجین میں بورویل کے گڑھے میں گرے معصوم کی جان نہیں بچائی جاسکی، ریسکیو آپریشن 22 گھنٹے جاری رہا
بھوپال، 10 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے اجین ضلع ہیڈ کوارٹر سے تقریباً 75 کلومیٹر دور بڑ نگر علاقے کے قریب موضع جھالریا میں جمعرات کی دیر شام بورویل کے کھلے گڑھے میں گرے دو سالہ معصوم بچے کی جان نہیں بچائی جا سکی۔ تقریباً 22 گھنٹے تک جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے بعد ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی ٹیم نے 200 فٹ گہرے بورویل میں 75 فٹ پر پھنسے بچے کو لوہے کی سلاخ، رسی اور بورویل کی موٹر نکالنے والی مشین کی مدد سے باہر نکالا، لیکن تب تک اس کی موت ہو چکی تھی۔
پولیس کے مطابق، بھیڑیں چرانے کے لیے آئے راجستھان کے ضلع پالی کے ایک خاندان کا دو سالہ بچہ جمعرات کی دیر شام تقریباً ساڑھے سات بجے بورویل کے کھلے گڑھے میں گر گیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی ضلع انتظامیہ اور پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور راحت و بچاو کا کام شروع کیا۔ بھوپال سے پہنچی این ڈی آر ایف کی ٹیم، ہردا، اندور اور اجین کی ایس ڈی آر ایف کے ساتھ ریسکیو آپریشن میں مصروف رہی۔ بورویل میں کیمرہ ڈال کر بچے کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی تھی، ساتھ ہی اسے آکسیجن سپورٹ بھی دیا گیا، لیکن یہ کوششیں ناکافی ثابت ہوئیں۔
بڑ نگر تھانہ انچارج اشوک کمار پاٹیدار نے بتایا کہ بورویل میں گرنے والا دو سالہ معصوم بھاگیرتھ ولد پروین دیواسی گرام گڈانلا، ضلع پالی (راجستھان) کا رہنے والا ہے۔ خاندان گزشتہ تین دنوں سے علاقے میں بھیڑ چرانے کے لیے رکا ہوا تھا۔ اہل خانہ کے مطابق، بچہ دیوار کے پاس کھیل رہا تھا۔ اس نے پتھر سے بورویل کا ڈھکن ہٹایا اور بالٹی سمجھ کر پیر ڈال دیا، جس سے وہ سیدھا اندر گر گیا۔ بچے کی ماں نے اسے گرتے دیکھا اور بچانے کی کوشش کی، لیکن تب تک وہ گہرائی میں جا چکا تھا۔
خاندان نے گاوں کے سرپنچ کو اطلاع دی، جس کے بعد ضلع انتظامیہ کو جانکاری دی گئی۔ رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے ایس ڈی آر ایف سمیت ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور راحت و بچاو کا کام شروع کیا۔ بھوپال، اندور، ہردا اور اجین سے آئے 200 لوگوں کی ریسکیو ٹیم رات بھر بھاگیرتھ کو بورویل سے نکالنے کی کوشش میں جٹی رہی۔ پانچ پوکلین کی مدد سے متوازی سرنگ بنائی گئی۔ چٹانیں آنے سے ڈرلنگ بار بار رک رہی تھی۔ بورنگ میں پانی آنے سے بھی ریسکیو میں پریشانی آئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر اجین کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پردیپ سرما موقع پر پہنچ گئے تھے۔
اجین کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پردیپ سرما نے بتایا کہ جھالریا گاوں سے بچے کی لاش کو بڑ نگر کے سرکاری اسپتال بھیجا گیا ہے۔ اس واقعے میں جس کی بھی لاپرواہی سامنے آئے گی، جانچ کے بعد سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بورویل تقریباً 200 فٹ گہرا ہے، جس میں بچہ 75 فٹ کی گہرائی پر اٹک گیا تھا۔ چار اضلاع سے ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں آئی تھیں۔ ٹیم نے بھوکے پیاسے رات دن محنت کی۔ تقریباً 22 گھنٹے بعد بچے کو نکالا گیا، لیکن بچے کی جان چلی گئی۔ ایس پی نے کہا کہ پورے واقعے کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے تاکہ حادثے کے ذمہ داروں کی شناخت ہو سکے۔ انہوں نے ریسکیو آپریشن میں مدد کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔
اجین کے سی ایم ایچ او اشوک پٹیل نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد محکمہ صحت کی ٹیم سرگرم ہو گئی تھی۔ بچے کو بچانے کی بھرپور کوششیں کی گئیں، لیکن کامیابی نہیں مل سکی۔ بچے کی موت پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد بچے کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن