
نئی دہلی، 10 اپریل (ہ س)۔ ہندوستان نے جمعہ کو لبنان میں اسرائیلی حملے میں شہریوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ہندوستان کا ہمیشہ اس بات پر زور رہا ہے کہ شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہئے۔
مغربی ایشیا کی صورت حال پر ہندوستان کا یہ پہلا باضابطہ ردعمل ہے، تاہم وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیل کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام ضروری ہے۔ لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس پر حملے کی خبروں کو پریشان کن قرار دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے یہ دستے ملک میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ لبنان میں موجود ہندوستانی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہمارے مقامی مشن مسلسل رابطے میں ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے باوجود اسرائیل لبنان میں حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سے نئے سرے سے جنگ کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد