
نئی دہلی، 10 اپریل (ہ س)۔ مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے جمعہ کو کہا کہ علم کو دولت میں تبدیل کرنے کے لیے اختراع ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ ہنر مند افرادی قوت اور مسلسل تحقیق پر زور دینا ضروری ہے۔
یہاں کنسٹرکشن انڈسٹری ڈیولپمنٹ کونسل کے زیر اہتمام 17ویں سی آئی ڈی سی وشوکرما ایوارڈز اور نمائش ’وکست بھارت 2047‘ سے خطاب کرتے ہوئے گڈکری نے کہا، ”عالمی سطح پر ہندوستان کے وقار کو بڑھانے کے لیے یہ ضروری ہے کہ معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تعمیراتی شعبے میں شارٹ کٹ سے گریز کیا جائے۔“
انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے فوری فیصلہ سازی، پروجیکٹ کی صحیح منصوبہ بندی اور معیار پر مضبوط توجہ کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ، نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے اور کام کے طریقوں کو بہتر بنانے سے پروجیکٹ کی لاگت کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔ بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے، زمین کے حصول اور ضروری منظوریوں کو پہلے سے مکمل کیا جانا چاہیے، کیونکہ پہلے کی تاخیر اور انتظامی رکاوٹوں نے پروجیکٹ کی ٹائم لائن اور ٹھیکیدار وں کے بجٹ کو کافی نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کی ترجیحات صرف کم لاگت نہیں بلکہ معیار اور کارکردگی کو بھی دی جانی چاہئیں۔ ہمیں حیاتیاتی ایندھن اور دیگر متبادل ایندھن کو اپنانا چاہیے۔ اس سے نہ صرف پیٹرول اور ڈیزل پر ہمارا انحصار کم ہوگا بلکہ اخراجات بھی کم ہوں گے۔ اس کے علاوہ، سڑک کی تعمیر میں پلاسٹک کا کچرا اور پرانے ٹائر استعمال کیے جائیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ہندوستان کی بنیادی ڈھانچے کی کمپنیوں نے دبئی، قطر اور کئی افریقی ممالک میں بڑے پروجیکٹس کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرکے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔
گڈکری نے تقریب میں ایوارڈ کے لئے منتخب کئے گئے لوگوں کو 17 ویں سی آئی ڈی سی وشوکرما ایوارڈ پیش کیے اور تعمیرات اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں معیار اور اختراع میں ان کے تعاون کے لیے انہیں مبارکباد دی۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد