
نئی دہلی، 10 اپریل (ہ س) وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور راجیہ سبھا کے سبکدوش ہونے والے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش کو راجیہ سبھا کے ممبر کے طور پر حلف لینے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک پیغام میں نتیش کمار اور ہری ونش کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ نتیش کمار ملک کے سب سے تجربہ کار لیڈروں میں سے ایک ہیں۔ گڈ گورننس کے لیے ان کے عزم کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے۔ انہوں نے بہار کی ترقی میں انمٹ حصہ ڈالا ہے۔ انہیں ایک بار پھر پارلیمنٹ میں دیکھ کر خوشی ہوگی۔ انہوں نے کئی سالوں تک رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
وزیر اعظم نے نتیش کمار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا وسیع سیاسی تجربہ پارلیمنٹ کے وقار میں مزید اضافہ کرے گا۔ آخر میں، انہوں نے راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ کے طور پر حلف لینے پر انہیں مبارکباد دی اور ان کے مستقبل کی میعاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم مودی نے صحافت اور عوامی زندگی میں ہری ونش کی انمول شراکت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک قابل احترام دانشور اور مفکر ہیں۔ انہوں نے اپنے گہرے خیالات اور بصیرت سے گذشتہ برسوں میں ایوان کی کارروائی کو تقویت بخشی ہے۔ صدرجمہوریہ نے انہیں راجیہ سبھا کے لیے نامزد کیا ہے۔ انہوں نے ان کی آئندہ پارلیمانی مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قابل ذکر ہے کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور سبکدوش ہونے والے راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین ہری ونش نے آج راجیہ سبھا کے اراکین کے طور پر حلف لیا۔
نائب صدرجمہوریہ اور راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے انہیں پارلیمنٹ ہاو¿س میں حلف دلایا۔ 69 سالہ ہری ونش کو جمعہ کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ان کی سابقہ میعاد 9 اپریل کو ختم ہونے کے بعد نامزد کیا تھا۔ یہ سیٹ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی بطور راجیہ سبھا رکن کی مدت پوری کرنے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ کل 12 ممبران راجیہ سبھا کے لیے صدر کے ذریعے نامزد کیے جاتے ہیں۔ ان اراکین کا انتخاب فن، ادب، سائنس اور سماجی خدمات میں ان کی نمایاں خدمات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی