
تروچیراپلی، یکم اپریل (ہ س)۔ 2026 کے تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ مختلف جماعتوں کے رہنما انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ اس سلسلے میں دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) کے صدر اور وزیر اعلیٰ ایم کے۔ اسٹالن نے بدھ کے روز تروچیراپلی (تروچی) کے گاندھی مارکیٹ علاقے سے چہل قدمی کرتے ہوئے اپنی عوامی رابطہ مہم کو تیز کیا۔ اس دوران انہوں نے مقامی تاجروں اور عوام سے براہ راست بات چیت کی اور ان سے ڈی ایم کے اتحاد کے امیدواروں کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔
وزیر اعلیٰ اسٹالن نے 31 مارچ کو کروناندھی میموریل پر خراج عقیدت پیش کرکے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ اس کے بعد انہوں نے تروورور میں اپنی مہم شروع کی اور اگلے دن تروچیراپلی اور کرور میں انتخابی تقریبات میں حصہ لیا۔
آج صبح وزیر اعلیٰ نے بالاکرائی، گاندھی مارکیٹ اور بیما نگر علاقوں میں یاترا کی۔ گاندھی مارکیٹ میں، انہوں نے تاجروں سے بات چیت کی اور عوام کے ساتھ چائے کے اسٹال پر چائے بھی پی۔ انہوں نے مقامی رہائشیوں کے ساتھ تصویریں بھی کھنچوائیں جس سے کارکنوں میں جوش و خروش پیدا ہوا۔
ڈی ایم کے کے کئی سینئر لیڈران، عہدیداران اور کارکنان بشمول ریاستی وزراءکے این۔ نہرو، انبل مہیش پویاموزی اور انیگو ارودیاراج سمیت پدیاترا میں بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔
پد یاترا کے بعد، وزیر اعلیٰ نے تروچی کے ازہور سندھائی میدان میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ انہوں نے نو اسمبلی حلقوں میں ڈی ایم کے اتحاد کے امیدواروں کی حمایت میں مہم چلائی، جن میں تروچی ایسٹ، تروچی ویسٹ، سری رنگم، تروورمبور، لال گوڈی، ماناپرائی، مناچنالور اور تھوریور (محفوظ) شامل ہیں۔
پروگرام کے اگلے مرحلے میں، وزیر اعلیٰ شام 5 بجے کرور ضلع کے ریانور میں ایک انتخابی ریلی میں شرکت کرنے والے ہیں، جہاں وہ پارٹی کے حق میں ماحول بنانے کی کوشش کریں گے۔
وزیر اعلیٰ اسٹالن کی آو¿ٹ ریچ مہم کو ووٹروں سے براہ راست رابطہ قائم کرنے کی حکمت عملی کے ایک حصے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ڈی ایم کے اتحاد اس مہم کو اپنے حق میں رائے عامہ کو متحرک کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تمل ناڈو اسمبلی انتخابات ایک ہی مرحلے میں 23 اپریل کو ہوں گے، ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو ہوگی۔ نامزدگی کا عمل جاری ہے اور تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی مہم تیز کر دی ہے، جس سے ریاست میں انتخابی ماحول گرم ہو گیا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی