
ممبئی، یکم اپریل (ہ س)۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے محکمہ ٹیکس اسیسمنٹ و کلیکشن نے مالی سال 2026-2025 کے دوران پراپرٹی ٹیکس وصولی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ کارپوریشن نے 7,341 کروڑ روپے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 7,610 کروڑ 90 لاکھ روپے کا ٹیکس جمع کیا، جو ہدف کا 103.68 فیصد ہے۔
کارپوریشن سے موصولہ معلومات کے مطابق 31 مارچ 2026 کو ایک ہی دن میں 399 کروڑ 74 لاکھ روپے کی وصولی کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا گیا۔ اس نمایاں کامیابی پر میونسپل کمشنر اشونی بھڑے نے افسران اور ملازمین کی کارکردگی کو سراہا۔
بی ایم سی شہریوں کو مختلف سہولیات فراہم کرتی ہے اور ان خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مالی وسائل انتہائی ضروری ہوتے ہیں۔ اس ضمن میں پراپرٹی ٹیکس کو ایک مستحکم اور قابلِ اعتماد آمدنی کا ذریعہ تصور کیا جاتا ہے۔
ایڈیشنل میونسپل کمشنر (شہر) ڈاکٹر اشونی جوشی کی رہنمائی میں جوائنٹ کمشنر وشواس شنکرور اور کلیکٹر گجانن بیلّالے کی نگرانی میں محکمہ نے بڑے پیمانے پر اور مسلسل کوششیں کیں۔ میونسپل انتخابات کا عمل مکمل ہونے کے بعد محکمہ کے تمام افسران اور ملازمین نے ٹیکس وصولی پر بھرپور توجہ دی۔
شہریوں کو بروقت ٹیکس ادا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر بیداری مہم چلائی گئی، جبکہ ادائیگی کو آسان بنانے کے لیے دفاتر ہفتہ وار اور عوامی تعطیلات کے دنوں میں بھی کھلے رکھے گئے۔ اس کے علاوہ آن لائن ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔
بڑے نادہندگان پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے بقایا جات کی وصولی کے لیے مؤثر فالو اپ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ٹیکس وصولی کے عمل میں تیزی اور بہتری آئی۔
کارپوریشن کے مطابق یکم اپریل 2025 سے 31 مارچ 2026 تک مجموعی طور پر 7,610 کروڑ 90 لاکھ روپے کا پراپرٹی ٹیکس جمع کیا گیا، جبکہ اضافی جرمانے کے طور پر 301 کروڑ 13 لاکھ روپے بھی وصول کیے گئے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے