
نئی دہلی، 7 مارچ (ہ س)۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ کی انسداد منشیات ٹاسک فورس (اے این ٹی ایف) نے ایک بین ریاستی منشیات کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے تقریباً 2 کروڑ روپے کی منشیات ضبط کی ہیں اور دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (اے این ٹی ایف/کرائم برانچ) سنجیو کمار یادو کے مطابق، مرکزی ملزم کی شناخت موتی نگر کے رہنے والے سارتھک تیاگی (30) کے طور پر کی گئی ہے۔ اس کے سپلائر کی شناخت اشوک وہار کے رہنے والے کلپریت سنگھ عرف سنی (29) کے طور پر کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس یادو نے ہفتہ کو بتایا کہ دہلی پولیس کی جاری انسداد منشیات مہم کے تحت طور پر، اے این ٹی ایف منشیات کے اسمگلروں کے خلاف مسلسل کارروائی کر رہی ہے۔ اسی دوران ،رات 10 بجے کے قریب ٹیم کو اطلاع ملی کہ موتی نگر علاقہ میں رہنے والا ایک شخص بڑی مقدار میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس ٹیم نے موتی نگر میں ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا اور پہلی منزل کے ایک کمرے سے سارتھک تیاگی کو گرفتار کرلیا۔ تلاشی کے دوران اس کے پاس سے مختلف نشہ آور اور سائیکو ٹراپک مادے برآمد ہوئے جس سے منشیات کی اسمگلنگ کی ایک منظم نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے۔
پکڑی گئی منشیات میں 1,016 گرام گانجا، 1,112 گرام چرس، 17 گرام ایم ڈی ایم اے ، 1 گرام ایکسٹیسی ٹبلٹ اور 4 گرام شرومز شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق بین الاقوامی غیر قانونی مارکیٹ میں ان منشیات کی مالیت تقریباً ایک کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ تمام منشیات کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مناسب کارروائی کے بعد ضبط کیا گیا اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایف آئی آر نمبر 32/26 کے تحت کرائم برانچ پولیس اسٹیشن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 20، 22 اور 25 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ بین ریاستی نیٹ ورک کے ذریعے مختلف قسم کے منشیات منگوا کر دہلی میں سپلائی کرتا ہے ۔ تفتیش کے دوران، پولیس کو اس کے ایک سپلائر کے بارے میں معلوم ہوا، جس کی شناخت کلپریت سنگھ عرف سنی کے نام سے ہوئی ہے۔
اس کے بعد، ایس آئی روہت کی قیادت میں کرائم برانچ کی ٹیم نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے کلپریت سنگھ عرف سنی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس اب اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق ،مرکزی ملزم سارتھک تیاگی پیشہ سے پراپرٹی ڈیلر ہے اور اس کے خلاف پہلے بھی مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔ موتی نگر پولیس اسٹیشن میں 2018 میں قتل کی کوشش (دفعہ 307) اور 2015 میں غیر ارادتاً قتل (دفعہ 308) کا معاملہ درج ہو چکا ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ شریک ملزم کلپریت سنگھ عرف سنی بھی ہماچل پردیش کے منڈی ضلع میں این ڈی پی ایس ایکٹ کیس میں مبینہ طور پر ملوث رہاہے۔ اس معلومات کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ان کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے اور پورے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد