
نئی دہلی، 5 مارچ (ہ س): بھارت کے خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے انتقال پر اظہار تعزیت کرنے کے لیے جمعرات کو دہلی میں ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا اور تعزیتی کتاب پر دستخط کیے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو 28 فروری کو تہران میں ان کی رہائش گاہ پر امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملے میں شہید کر دیا گیا تھا۔
سکریٹری خارجہ نے ہندوستان میں ایرانی سفیر محمد فتح علی سے ملاقات کی اور ہندوستانی حکومت کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے واقعے کی تصاویر شیئر کی گئی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ایرانی سفارتخانے نے آج اپنے سپریم لیڈر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرنے کے لیے ایک تعزیتی کتاب کا افتتاح کیا۔ سفارت خانے نے ایک ایکس پوسٹ میں اس کا اعلان کیا۔ تعزیتی کتاب 5، 6 اور 9 مارچ کو صبح 10 بجے سے دوپہر 3 بجے تک کھلی رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد