
نئی دہلی، 4 مارچ (ہ س)۔ رنگوں کا تہوار ہولی آج ملک بھر میں بڑے جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن اور وزیر اعظم نریندر مودی سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے اہلِ وطنوں کو مبارکباد دی اور باہمی بھائی چارے اور ’وکست بھارت‘ کے عزم کا پیغام دیا۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بدھ کو کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ”رنگوں کا تہوار لوگوں کی زندگیوں میں محبت اور امید لاتا ہے اور باہمی اتحاد اور بھائی چارے کو مضبوط کرتا ہے۔ میری خواہش ہے کہ ہم سب مل کر ایک ترقی یافتہ ملک کی تعمیر میں اپنا تعاون دیں۔“
نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے ہولی کو برائی پر اچھائی کی جیت کی علامت قرار دیتے ہوئےکہا کہ یہ تہوار ہماری تہذیب کے متحرک جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے سبھی سے ایک جامع، پرامن اور ترقی یافتہ ہندوستان کی سمت کام کرنے کی اپیل کی۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ہولی کو مثبت سوچ اور نئی شروعات کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے اپیل کی کہ اس تہوار کی امنگ ان افراد تک بھی پہنچائیں، جو ضرورت مند ہیں۔
ہولی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہولی کا تہوار پورے ماحول کو نئی توانائی بخشتا ہے۔ ہر طرف بکھرے خوشی کے رنگ ہر ایک کو خوشیوں اور مسرتوں سے بھر دیتے ہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے خواہش ظاہر کی کہ رنگوں کا یہ تہوار ہر ایک کی زندگی میں ترقی، خوشحالی اور خوش قسمتی لائے۔
مرکزی سڑک اور ٹرانسپورٹ کے وزیر نتن گڈکری نے منفیت کو ختم کرنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار نفرت کو ختم کرے اور زندگی میں خوشی اور سکون لائے۔
ہولی کو ہندوستانی ثقافت کی روح قرار دیتے ہوئے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ یہ تہوار ہمارے کثیر ثقافتی معاشرے کے تنوع میں اتحاد اور بھائی چارے کی روایت کا جشن ہے، جو صدیوں سے ہماری شناخت ہے۔
مرکزی وزیر سیاحت اور ثقافت گجیندر سنگھ شیخاوت نے بھی اسے ’ثقافتی قوسِ قزح ‘ کا بھائی چارے کا جشن قرار دیتے ہوئے اہلِ وطنوں کے لیے خوشیوں کی خواہش کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد