

مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ نے وارانسی میں کاشی وشوناتھ کوریڈور کا دورہ کیا، کراوڈ مینجمنٹ، درشن کے انتظامات وغیرہ کا مشاہدہ کیا
بھوپال، 31 مارچ (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں ترقی کی ایک نئی تاریخ لکھی جا رہی ہے۔ مدھیہ پردیش اور اترپردیش کی حکومتیں ’ورثے کے ساتھ ترقی‘ کے منتر کو اپنا کر گڈ گورننس اور مذہبی سیاحت کے شعبے میں مشترکہ ثقافت کو فروغ دے رہی ہیں۔ یہ نہ صرف دونوں ریاستوں کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا بلکہ عوامی بہبود کے نئے راستے بھی ہموار کرے گا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے یہ باتیں منگل کو اتر پردیش کے وارانسی میں عالمی سطح پر مشہور ’شری کاشی وشوناتھ مندر کوریڈور‘ کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنے دورہِ وارانسی کا آغاز دیوا دیو مہادیو شری کاشی وشوناتھ کے درشن اور پوجا کے ساتھ کیا۔ انہوں نے مندر کے گربھ گرہ میں ضابطے کے مطابق پوجا کر کے مدھیہ پردیش کی عوام کی خوشحالی اور مسلسل ترقی کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے مقدس گنگا گھاٹ پہنچ کر ماں گنگا کے درشن کیے۔ انہوں نے عقیدت و احترام کے ساتھ ماں گنگا کی پوجا کی اور گنگا جل سے آچمن کیا۔ درشن اور پوجا کے بعد انہوں نے کہا کہ بابا وشوناتھ کے دھام میں آکر جو روحانی سکون حاصل ہوتا ہے، وہ حیرت انگیز ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے وارانسی کے دورے کے دوران عالمی شہرت یافتہ شری کاشی وشوناتھ مندر کوریڈور کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بابا وشوناتھ اور بابا مہاکال کے دھاموں کے درمیان انتظامات کی مضبوطی اور معلومات کے تبادلے کے لیے ایک اہم ایم او یو کیا جا رہا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد زائرین کو آسان اور بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مندر کے احاطے میں لوک ماتا دیوی اہلیا بائی ہولکر کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے وارانسی کے تجربات کو مدھیہ پردیش کے اجین میں ہونے والے آئندہ ’سنہستھ 28-2028‘ کے لیے انتہائی متعلقہ قرار دیا۔ انہوں نے شری کاشی وشوناتھ مندر ٹرسٹ کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں پریزنٹیشن کے ذریعے کوریڈور میں زائرین کے انتظام، کراوڈ کنٹرول (ہجوم کا انتظام)، درشن کے نظام اور موبائل ایپ پر مبنی ٹوکن سسٹم کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پریاگ راج کمبھ اور کاشی کوریڈور کے انتظام سے سیکھ کر ہم اجین میں عقیدت مندوں کے لیے دور رس منصوبے تیار کر رہے ہیں۔ عقیدت مندوں کو درشن کا بہترین اور آسان نظام فراہم کرنا ہمارا مقصد ہے۔ پریزنٹیشن کے ذریعے زیارت گاہ کے انتظام کے ایس او پی کو سمجھا گیا۔ اس میں ریئل ٹائم سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، زون پر مبنی کراوڈ کنٹرول، سیکورٹی پروٹوکول اور صفائی کے انتظام کے جدید طریقوں پر بحث کی گئی۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو کو اس موقع پر کاشی وشوناتھ مندر ٹرسٹ کی جانب سے ’گلوبل سناتن‘ کتاب بھی پیش کی گئی۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بتایا کہ اجین کے سمراٹ وکرما دتیہ کے حسنِ انتظام اور انصاف پسندی کو عوام تک پہنچانے کے لیے آئندہ 3 سے 5 اپریل تک وارانسی میں مہاناٹیہ (ڈرامہ) پیش کیا جا رہا ہے۔ سمراٹ وکرما دتیہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ذریعے منعقد ہونے والے اس ڈرامے میں سینکڑوں فنکار حصہ لیں گے، جس میں ہاتھیوں، گھوڑوں اور اونٹوں کے ساتھ قدیم فنون کا لائیو مظاہرہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے مدھیہ پردیش اور اترپردیش کے درمیان بڑھتے ہوئے معاشی اور بنیادی ڈھانچے کے تعاون کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کین-بیتوا لنک پروجیکٹ سے دونوں ریاستوں کے کسانوں کی تقدیر بدل رہی ہے۔ دونوں ریاستوں کے کسانوں کو سستی اور بلاتعطل بجلی فراہم ہوگی۔
کاشی وشوناتھ کوریڈور کے دورے اور میٹنگ کے دوران اتر پردیش حکومت کے وزیر برائے صنعتی ترقی نند گوپال گپتا ’نندی‘، مائیکرو، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے وزیر راکیش سچن کے ساتھ ایڈیشنل چیف سکریٹری راگھویندر سنگھ، سکریٹری سیاحت ڈاکٹر الیا راجہ ٹی، اجین ڈویژنل کمشنر آشیش سنگھ، وارانسی کلکٹر ستیندر سنگھ اور کاشی وشوناتھ مندر ٹرسٹ کے سی ای او وشو بھوشن مشرا سمیت سینئر افسران موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن