
کویت شہر، 30 مارچ (ہ س)۔ ایرانی حملے سے کویت کے بجلی اور پانی کو صاف کرنے (ڈی-سیلینیشن)کے پلانٹ کو نقصان پہنچا ہے۔ کویتی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ایک ہندوستانی ملازم مارا گیا ہے۔ عمارت کو مادی نقصان پہنچا ہے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب جنگ کی وجہ سے علاقائی کشیدگی بڑھ رہی ہے۔
الجزیرہ چینل اور سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق، کویت کی بجلی کی وزارت نے پیر کو ایک بیان میں کہا،”ایران نے ملک کے بجلی اور پانی کے ڈی -سیلینیشن پلانٹ میں واقع ایک سروس بلڈنگ پر حملہ کیا ہے۔ حملے میں ایک ہندوستانی ملازم ہلاک اور عمارت کو کافی مادی نقصان پہنچا ہے۔“
بیان کے مطابق ،حملے کے بعد صورتحال سے نمٹنے اور معمول کی کارروائیوں کو یقینی بنانے کے لیے ٹیکنیکل اور ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو فوری طور پر روانہ کر دیا گیا ہے۔ ایران نے ابھی تک اس حملے پر کوئی سرکاری تبصرہ نہیں کیا ہے۔ سرکاری میڈیا نے کویتی وزارت کے حوالے سے بتایا کہ حملے سے پلانٹ کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ کویت کی وزارت دفاع نے کل شام کہا تھا کہ کویتی فضائی حدود میں 14 میزائل اور 12 ڈرون دیکھے گئے۔ ان میں سے کئی ڈرون فوجی کیمپ کو نشانہ بنا رہے تھے۔ اس واقعے میں 10 فوجی زخمی ہوئے۔
امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان 28 فروری کو شروع ہونے والی جنگ وقت کے ساتھ ساتھ مزید جارحانہ ہوتی جا رہی ہے۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق، ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے امریکہ کو زمینی حملے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر ایران پر زمینی حملہ ہوا تو امریکی اتحادیوں پر حملے تیز کر دیں گے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے اتوار کو کہا کہ اسرائیل جنوبی لبنان میں اپنی جارحیت کو وسعت دے گا۔ اسرائیلی فوج ”موجودہ سیکورٹی پٹی“ کو پڑوسی ملک میں توسیع دے گی۔ حکام نے بتایا کہ سارجنٹ موشے یتزہاک ہاکوہن کاٹز، ایک امریکی نژاد اسرائیلی فوجی، جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران مارا گیا۔
ڈی -سیلینیشن پلانٹس کے استعمال:
یہ سمندری پانی سے نمک اور دیگر معدنیات کو نکال کر اسے پینے کے قابل بناتے ہیں۔ ان کے صنعتی استعمال بھی ہیں۔ یہ پلانٹس اکثر پاور پلانٹس کے ساتھ مربوط ہوتے ہیں، کیونکہ ڈی سیلینیشن ایک توانائی سے بھرپور عمل ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد