
حیدرآباد، 29 مارچ (ہ س)۔وزیراعلی ریونت ریڈی نے اسمبلی کے احاطے میں آنگن واڑی سنٹرس کے بچوں کے لیے ناشتے کی نئی اسکیم ’ تولی مدا ‘ کا باقاعدہ آغاز کیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء سیتا اکا ، کنڈا سریکھا اور فوڈ کارپوریشن کے صدر نشین ایم اے فہیم کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ اس اسکیم کے تحت آنگن واڑی مراکز میں بچوں کو ناشتے کے طور پر تیار شدہ غذائیں جیسے اپما اور کھچڑی مکس فراہم کی جائیں گی ۔ اس موقع پر وزیراعلی نے آنگن واڑی ورکرس میں موبائل فون بھی تقسیم کئے ۔وزیراعلی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد بچوں کو ابتدائی عمر سے ہی تغذیہ بخش خوراک فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما بہتر ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کہ ملک میں غذائی تحفظ موجود ہے لیکن غذائیت سے بھر پور خوراک کی کمی اب بھی ایک بڑا مسئلہ ہے ۔ جس کے حل کے لیے حکومت ماں کے حمل کے دوران سے ہی غذائیت فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے اور اب بچوں کے لیے ناشتے کی اسکیم بھی شروع کی گئی ہے ۔وزیراعلی نے کہا کہ 6 سال سے کم عمر بچوں کی ذہنی ترقی کے لیے مناسب غذائیت نہایت ضروری ہے ۔ جب کہ تغذیہ بخش غذا کی کمی مستقبل میں صحت کے سنگین مسائل کا سبب بن سکتی ہے ۔ ریونت ریڈی نے زور دے کہا کہ آنگن واڑی سنٹرس کے لیے کرائے کی عمارتوں کے بجائے مستقل عمارتوں کی تعمیر کے لیے منصوبہ بندی کی جائے تاکہ بچوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکے حکومت ایسے اقدامات کے ذریعہ آنے والی نسلوں کو صحت مند اور مضبوط بنانے کے لیے پر عزم ہے ۔۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق