
جموں, 29 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس نے ضلع ریاسی میں پاکستان میں قائم لشکر طیبہ سے وابستہ ایک مبینہ دہشت گرد معاون کی غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کر لیا۔پولیس کے ترجمان کے مطابق ملزم محمد قاسم کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کی دفعہ 25 کے تحت یہ کارروائی عمل میں لائی گئی، جو دہشت گردی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کی مہم کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قاسم کے خلاف سال 2024 میں تھانہ مہور میں یو اے پی اے، آرمز ایکٹ اور ایکسپلوسیو سبسٹینسز ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ترجمان کے مطابق پولیس اور محکمہ مال کے مشترکہ دستے نے مہور سب ڈویژن کے گاؤں اپر انگڑالہ میں ملزم کی تقریباً تین مرلہ زمین کو قانونی کارروائی کے تحت ضبط کر لیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ریاسی، پرمویر سنگھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی سلامتی، امن اور خودمختاری کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث افراد اور نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی معاونت کرنے والے ڈھانچوں کے خاتمے کے لیے ایسی سخت کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر