
ممبئی ، 29 مارچ (ہ س) این سی پی (ایس پی) کے بعد اب پارٹی کے ریاستی ترجمان وکاس لوَانڈے نے این سی پی (اجیت پوار دھڑا) کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے پر پارٹی پر قبضہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ 29 مارچ کو دیے گئے بیان میں لوَانڈے نے کہا کہ اب یہ پوری طرح واضح ہو چکا ہے کہ سنیل تٹکرے این سی پی پر مکمل کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب رائے گڑھ میں منعقد ایک پروگرام کے بینر پر نائب وزیر اعلیٰ سونیترا پوار، آنجہانی اجیت پوار اور دیگر سینئر لیڈروں کی تصاویر شامل نہیں تھیں۔ یہ پروگرام خاتون و اطفال بہبود کی وزیر آدیتی تٹکرے کے حلقۂ انتخاب انداپور کے مانگاؤں تعلقہ میں ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے نو منتخب اراکین کے اعزاز میں منعقد کیا گیا تھا۔
تقریب کے اسٹیج پر لگے بینر میں صرف چند مقامی لیڈروں کی تصاویر نظر آئیں، جن میں سنیل تٹکرے، آدیتی تٹکرے، سابق رکن اسمبلی انیکیت تٹکرے اور دیگر مقامی رہنما شامل تھے۔ اس معاملے کے بعد سیاسی حلقوں میں بحث تیز ہو گئی ہے اور پارٹی کے اندر مختلف قیاس آرائیاں جاری ہیں۔
وکاس لوَانڈے نے کہا کہ اس واقعے سے تٹکرے کی نیت صاف ظاہر ہو گئی ہے۔ اس سے قبل این سی پی (ایس پی) کے رکن اسمبلی روہت پوار نے بھی الزام لگایا تھا کہ این سی پی (اجیت پوار دھڑا) کے سینئر لیڈران پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے پارٹی پر قبضہ جمانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ لیڈر پارٹی پر مکمل کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے