
نئی دہلی، 29 مارچ (ہ س): بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ کیرالہ میں بی جے پی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ ریاست میں تبدیلی کی واضح علامت ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کیرالہ میں این ڈی اے حکومت آنے والے برسوں میں تیز رفتار ترقی کا باعث بنے گی۔
کیرالہ کے پلکڑمیں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بائیں بازو کی قیادت والی ایل ڈی ایف اور کانگریس کی قیادت والی یو ڈی ایف اتحاد پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے دونوں اتحادوں کو بدعنوان اور فرقہ پرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاست صرف ووٹ بینک کی سیاست تک محدود ہے اور انہیں ریاست کی ترقی کی کوئی فکر نہیں ہے۔
وزیر اعظم نے کہا، ایل ڈی ایف اور یو ڈی ایف کی پالیسیاں صرف اور صرف ووٹ بینک کی سیاست پر مبنی ہیں۔ میں کیرالہ کے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر این ڈی اے حکومت بناتی ہے تو ریاست تیزی سے ترقی کرے گی۔ یہ مودی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا، کیرالہ طویل عرصے سے ایل ڈی ایف اور یو ڈی ایف کے درمیان پھنسا ہوا ہے، لیکن اب ریاست میں تبدیلی کا ماحول بن رہا ہے۔ وزیر اعظم کے مطابق، ریاست کے نوجوان، خواتین اور کسان اب بی جے پی اور این ڈی اے میں اپنا اعتماد ظاہر کر رہے ہیں، جو ایک ابھرتی ہوئی عوامی تحریک کی شکل اختیار کر رہی ہے۔
ایل ڈی ایف اور یو ڈی ایف کے درمیان بی ٹیم کے حوالے سے جاری بیان بازی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں اتحاد بی جے پی کو ایک مضبوط متبادل کے طور پر دیکھنے لگے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ دونوں جماعتیں صرف ایک دوسرے کے خلاف بیانات جاری کرتی ہیں، لیکن ٹھوس کارروائی نہیں کرتی ہیں۔
ریاست کی اقتصادی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کیرالہ پر پانچ لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا قرض ہے، جو پچھلے دس سالوں میں تین گنا بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ رقم صحیح سمت میں خرچ نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاست میں این ڈی اے کی حکومت بنتی ہے تو ایک ایک روپیہ کا حساب لیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حکومت اس سمت میں مسلسل کام کر رہی ہے۔ مغربی ایشیا میں جاری تنازعات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کیرالہ میں روایتی طور پر اقتدار کی تبدیلی ایل ڈی ایف اور یو ڈی ایف کے درمیان ہوتی رہی ہے، لیکن بی جے پی اب ریاست میں تیسرے آپشن کے طور پر اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی