
سکما، 29 مارچ (ہ س) سکما ضلع کے پولم پلی تھانہ علاقے کے جنگلات میں اتوار کی صبح پولس اور نکسلیوں کے درمیان تصادم میں سیکورٹی فورسز کو ایک بڑی کامیابی ملی۔ انکاو¿نٹر میں ایک نکسلی کمانڈر مارا گیا جس پر 5 لاکھ روپے کا انعام تھا۔
سکما کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کرن چوان نے کہا کہ ڈی آر جی (ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ) کی ٹیم نے ماو¿نوازوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد تلاشی مہم شروع کی۔ اس دوران جنگلاتی اور پہاڑی علاقے میں فوجیوں اور نکسلیوں کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
انکاو¿نٹر کے بعد علاقے کی تلاشی کے دوران ہتھیاروں کے ساتھ ایک نکسلائیٹ کی لاش برآمد ہوئی۔ ہلاک ہونے والے نکسلائیٹ کی شناخت موچاکی کیلاش کے طور پر کی گئی ہے، جو پی پی سی ایم کیڈر کے پلاٹون نمبر 31 کا سیکشن کمانڈر تھا، جس پر 5 لاکھ روپے کا انعام تھا۔ وہ چنتلنار تھانہ علاقے کے پلن پاڑ گاو¿ں کا رہنے والا تھا۔
پولیس کے مطابق، موچاکی کیلاش نکسلائیٹ کی کئی بڑی وارداتوں میں ملوث تھا، جن میں عام شہریوں کی ہلاکت، سیکورٹی فورسز پر حملے اور آئی ای ڈی دھماکوں کی سازش شامل تھی۔
دریں اثنا، بستر رینج کے انسپکٹر جنرل سندرراج پٹلنگم نے کہا کہ ماو¿ نواز کیڈروں کے لیے ہتھیار ڈالنے اور بازآبادکاری کا موقع اب آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے نکسلیوں سے اپیل کی کہ وہ تشدد کا راستہ چھوڑ دیں، مرکزی دھارے میں واپس آئیں اور پرامن زندگی کو اپنائیں۔
اس وقت علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور سیکورٹی فورسز الرٹ ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی