
سپول، 26 مارچ (ہ س)۔ صدر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں بدھ کی دیر شام ایک خاتون کی مشتبہ حالت میں موت ہوگئی، جس سے افراتفری مچ گئی۔ واقعے کے بعد مشتعل اہل خانہ نے اسپتال احاطے میں ہنگامہ کیا اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر پر سنگین غفلت کا الزام عائد کیا۔متوفی کی شناخت شیرون نیشا شوہر محمد ظہورمرحوم مدھورا راج پور پنچایت کےوارڈنمبر 4 تھانہ کشن پور ضلع مدھے پورہ رہائشی ہے۔ اہل خانہ کے مطابق خاتون نے ہلکی الٹی اور سینے میں درد کی شکایت کی جس کے بعد اسے علاج کے لیے صدر اسپتال لے جایا گیا۔الزام ہے کہ اسپتال پہنچنے کے بعد بھی ڈاکٹر نے فوری علاج شروع نہیں کیا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر اپنی کرسی سے نہیں اٹھے اور مریض کے پرانے نسخے مانگنے لگے۔ جب تک خاندان پرانے کاغذات لے کر واپس آئے، تب تک خاتون کی موت ہوچکی تھی۔ اس واقعہ سے ناراض گھر والوں نے اسپتال کے احاطے میں ہنگامہ برپا کیا اور طبی نظام پر سوال اٹھائے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صدر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ مقامی عوامی نمائندے بھی پولیس کے ساتھ اسپتال پہنچے اور مشتعل ہجوم کو پرسکون کیا۔ کافی کوششوں کے بعد صورتحال پر قابو پالیا گیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کر دی، جو بعد میں اسے آخری رسومات کے لیے گھر لے گئے۔اس واقعہ نے ایک بار پھر صدر اسپتال کے کام کاج پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ اہل خانہ قصور وار ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan