
جموں, 26 مارچ (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے جے کے اے ایس افسران کی سالانہ کارکردگی رپورٹس (اے پی آرز) میں تاخیر پر سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ انتظامی افسران کو وارننگ جاری کی ہے اور زیر التوا معاملات نمٹانے کے لیے آخری موقع فراہم کیا ہے۔
حکومتی حکم نامے کے مطابق 2023-24 اور 2024-25 کے جائزہ ادوار کے دوران بڑی تعداد میں اے پی آرز زیر التوا ہیں، جس پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ سال 2023-24 کے لیے تمام رپورٹس 31 مارچ 2026 تک مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، بصورت دیگر یہ عمل مستقل طور پر بند کر دیا جائے گا۔
اسی طرح 2024-25 کے لیے نیا اور سخت شیڈول جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت رپورٹنگ افسران کو 7 اپریل تک اور قبول کرنے والے حکام کو 28 اپریل تک اپنی کارروائی مکمل کرنی ہوگی۔
محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ تاریخوں کے بعد جو رپورٹس نامکمل رہیں گی، انہیں خودکار طور پر فورس فارورڈ کر کے بند کر دیا جائے گا، تاکہ نظام میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر