
جموں, 26 مارچ (ہ س)۔ ضلع انتظامیہ کٹھوعہ نے غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دریائے راوی کے گنڈیال علاقے میں 9 گاڑیوں کو ضبط کر لیا جو غیر مجاز طور پر معدنیات کی نکاسی اور نقل و حمل میں ملوث تھیں۔
یہ کارروائی محکمۂ کان کنی کی ٹیم نے ضلع معدنی افسر وریندر سنگھ کی نگرانی میں انجام دی، جس میں ریونیو حکام نے بھی تعاون کیا۔ اس دوران موقع پر چیکنگ ناکہ قائم کر کے مشتبہ گاڑیوں کو روکا گیا۔
ضبط شدہ گاڑیوں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے اسٹون کریشر یونٹس کو ہدایت دی ہے کہ وہ قانون کے مطابق کام کریں اور غیر قانونی کان کنی سے گریز کریں، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ راجیش شرما اور ڈائریکٹر جیالوجی و مائننگ جموں و کشمیر ایس پی رکھوال کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے انجام دی گئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر