
مظفر پور ، 26 مارچ(ہ س)۔رام نومی کے موقع پر مظفر پور میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ضلعی انتظامیہ اور پولیس پوری طرح الرٹ ہے اور شہر کو سیکورٹی زون میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کانتیش کمار مشرا نے واضح طور پر خبردار کیا ہے کہ تہوار کے دوران ماحول خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر ’’قانون کی گرفت‘‘ سخت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نہ صرف سڑکوں پر بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ’’خفیہ نظر ‘‘ رکھے ہوئی ہے۔ افواہیں پھیلانے والے بھی اب ریڈار پر ہیں۔اس سال رام نومی کے جلوسوں کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مجسٹریٹ، پولیس اہلکار اور افسران کو ہر جلوس کے ساتھ تعینات کیا جائے گا تاکہ موقع پر کسی بھی گڑبڑ کو کنٹرول کیا جا سکے۔بہار پولیس ہیڈکوارٹر کی طرف سے فراہم کردہ اضافی دستوں کو شہر کے مختلف حصوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ ڈرون کیمروں کے ذریعے جلوس کی فضائی نگرانی کی جائے گی تاکہ ہر نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔حساس علاقوں میں فلیگ مارچ کیا گیا ہے جس سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ امن و امان کی کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے، ایک کیو آر ٹی کو مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے، جو منٹوں میں جائے وقوعہ پر پہنچنے اور صورت حال کو سنبھالنے کے لیے تیار ہے۔مورتی وسرجن کے دوران کسی بھی حادثے کو روکنے کے لیے ایس ڈی آر ایف کی ٹیم بھی تعینات کی جائے گی۔ اہم بات یہ ہے کہ گھاٹوں پر وسرجن کے لیے کشتیوں کے استعمال پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔ایس ایس پی نے خاص طور پر خبردار کیا ہے کہ جو بھی سوشل میڈیا کے ذریعے افواہیں پھیلانے یا ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرے گا اسے سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan