
سارن، 26 مارچ (ہ س)۔ٹاؤن تھانہ علاقہ کے سادھناپوری علاقہ میں گذشتہ شب گھریلو جھگڑے نے خوفناک رخ اختیار کر لیا۔ جھگڑے سے تنگ آکر کرائے کے مکان میں رہنے والے میاں بیوی نے تین منزلہ عمارت کی چھت سے چھلانگ لگا دی۔
خودکشی کی اس کوشش میں شوہر کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ بیوی شدید زخمی ہے۔ متوفی کی شناخت پنٹو سنگھ ساکن پٹیڑ، تھانہ کھیرا کے طور پر ہوئی ہے۔ وہیں ان کی زخمی اہلیہ پریا سنگھ جو بھیلدی تھانہ علاقہ کی رہنے والی ہے۔ اس وقت صدر اسپتال میں زیر علاج ہے۔
یہ جوڑا سادھناپوری میں ایک مکان میں کرائے پر رہتے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کے درمیان اکثر جھگڑا ہوتا رہتا تھا۔ گزشتہ رات جھگڑا اس حد تک بڑھ گیا جہاں انہوں نے غصے میں چھت سے چھلانگ لگا دی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ٹاؤن تھانہ پولیس موقع پر پہنچی۔
پولیس اہلکاروں نے گھر کے پیچھے جھاڑیوں میں پھنسے میاں بیوی کو نکال کر صدر اسپتال پہنچایا۔ اسپتال میں ڈاکٹروں نے پنٹو سنگھ کو مردہ قرار دے دیا۔ پریا سنگھ کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ اس بارے میں پوچھے جانے پر ٹاؤن تھانہ انچارج سنجیو کمار نے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ معاملہ ذاتی تنازعہ اور گھریلو جھگڑا معلوم ہوتا ہے۔
پولیس واقعے کی اصل وجہ کو بے نقاب کرنے کے لیے معاملے کی ہر پہلو سے باریک بینی سے تفتیش کر رہی ہے۔ ضروری کارروائی کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس جھگڑے کی اصل وجہ کا تعین کرنے کے لیے قریبی لوگوں اور مالک مکان سے بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan