
نئی دہلی، 24 مارچ (ہ س): دارالحکومت کے میٹرو سسٹم کو مزید جدید اور موثر بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے سنگاپور میں ایک عالمی شہرت یافتہ انتظامی ادارے آئی این ایس ای اے ڈی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے پر 23 مارچ کو دستخط ہوئے تھے۔
ڈی ایم آر سی کے مطابق، اس اقدام کا مقصد میٹرو سیکٹر میں کام کرنے والے افسران اور ملازمین کی مہارتوں کو بڑھانا اور انہیں جدید انتظامی تکنیکوں سے واقف کرانا ہے۔ شراکتی اور عملی تربیت کے ذریعے پیشہ ورانہ قابلیت میں اضافہ کیا جائے گا۔ معاہدے پر ڈی ایم آر سی کے ڈائریکٹر جنرل گھنشیام بنسل اور سنگاپور انسٹی ٹیوٹ کے ایشیا کیمپس کے ایگزیکٹو ایجوکیشن کے سربراہ پروفیسر سمیر حسیجہ نے دستخط کیے۔ اس موقع پر ڈی ایم آر سی کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر وکاس کمار سمیت کئی سینئر افسران موجود تھے۔ حکام نے کہا کہ یہ شراکت داری میٹرو سیکٹر کی مسلسل ترقی اور جدید کاری میں اہم کردار ادا کرے گی، بہتر اور محفوظ مسافر خدمات کو یقینی بنائے گی۔ یہ معاہدہ میٹرو آپریشنز، حکمت عملی کی ترقی، کاروباری نقطہ نظر، اور مسافروں کے اطمینان جیسے اہم پہلوو¿ں کی گہرائی سے فہم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ یہ دہلی میٹرو اکیڈمی اور سنگاپور میں قائم انسٹی ٹیوٹ کے درمیان علم، خیالات اور تجربات کے تبادلے میں بھی سہولت فراہم کرے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی