
پٹنہ، 24 مارچ (ہ س) ۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار ایک بار پھر جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر کے طور پر بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ یہ ان کی چوتھی مدت ہوگی، اور وہ 2028 تک اس عہدے پر رہیں گے۔ اس کا باقاعدہ اعلان دوپہر 2:30 بجے کیا جائے گا، جس کے بعد انہیں ان کا انتخابی سرٹیفکیٹ پیش کیا جائے گا۔
ریٹرننگ افسر اور جے ڈی یو لیڈر انیل ہیگڑے انہیں سرٹیفکیٹ دیں گے۔ چونکہ نتیش کمار ہی اس عہدے کے لیے نامزدگی داخل کرنے والے واحد امیدوار تھے، اس لیے انتخابی عمل ایک رسمی حیثیت ہی رہا۔
جے ڈی یو کے ایگزیکٹو صدر سنجے جھا نے بتایا کہ نتیش کمار کی نامزدگی 19 مارچ کو دہلی میں جے ڈی یو کے قومی دفتر میں داخل کی گئی تھی۔ پرچہ نامزدگی دو سیٹوں میں ریٹرننگ افسر کو جمع کرائے گئے۔پرچہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ منگل کی صبح 11 بجے تھی لیکن کسی اور امیدوار نے پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیا۔
قابل ذکر ہے کہ جے ڈی یو میں قومی صدر کے عہدہ کا عمل مکمل طور پر بلا مقابلہ تھا، جس سے نتیش کمار کے دوبارہ انتخاب کو یقینی بنایا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ نتیش کمار پہلی بار 2016 میں جے ڈی یو کے قومی صدر بنے تھے، جب سابق صدر شرد ھ یادو نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد وہ 2019 میں دوبارہ صدر بن گئے۔ 2020 میں انہوں نے اس ذمہ داری سے دستبردار ہو کر یہ عہدہ سی پی سنگھ کو سونپ دیا۔ بعد میں راجیو راجن( للن سنگھ) صدر بنے، لیکن دسمبر 2023 میں استعفیٰ دے دیا، جس کے بعد نتیش کمار نے دوبارہ پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی۔
اس طرح تنظیمی تبدیلیوں کے بعد نتیش کمار ایک بار پھر جے ڈی یو کا چارج سنبھالتے ہوئے قومی صدر کے عہدہ پر واپس آگئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan