
بلیا، 24 مارچ (ہ س)۔ اتر پردیش کے بلیا میں پولیس نے انکاونٹر میں تین لٹیروں کو گرفتار کیا ہے جن پر 25-25 ہزار روپے کا انعام تھا۔ پیر کی آدھی رات کو پولیس کی کاروائی کے دوران دولٹیروں کو ٹانگ میں گولی لگی۔ تینوں سے دو دیسی ساختہ پستول اور مسروقہ سامان برآمد ہوا ہے ۔
اے ایس پی کرپاشنکر نے منگل کی صبح یہ جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ پیر کی رات بیریہ پولس کے جوان گشت پر تھے۔ اسی دوران انہیں علاقے میں بدھن چک سے جانے والی سڑک کے جنوب میں دیا چھپرا-نورنگا روڈ پر ڈکیتی اور لوٹ مار سے متعلق اعلان کردہ انعامی تین مطلوب بدمعاشوں کی موجودگی کی اطلاع ملی۔
خود کو گھیرے میں دیکھ کر بدمعاشوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 23 سالہ پونیت کمار ولد رویندر سنگھ ساکن سیوان ٹولہ چاند دیئر، تھانہ بیریہ کی دائیں ٹانگ میں گولی لگی اور 24 سالہ چندن عرف ماہی ولد رام کرشن پانڈے ساکن رقبہ ٹولہ بیریہ کو بائیں ٹانگ میں گولی لگی۔
اس دوران موٹر سائیکل کے پاس لیٹا ہوا بدمعاش راگھو پانڈے ولد رام کرشن پانڈے ساکن رقبہ ٹولہ بیریہ کوگرفتارکر لیا گیا۔ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ تینوں نے حال ہی میں ڈکیتی اور لوٹ مار کی دو وارداتیں انجام دی ہیں۔ اے ایس پی کے مطابق زخمی بدمعاش پونیت کمار اور چندن عرف ماہی کو پولیس ٹیم نے فوری طور پر علاج کے لیے سی ایچ سی سونبرسا بھیج دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد