
ریاض،23مارچ(ہ س)۔سعودی وزارتِ دفاع نے پیر کے روز مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے چوبیسویں دن اعلان کیا کہ ریاض کے علاقے کو دو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔وزارت کے مطابق ایک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، جبکہ دوسرا غیر آباد علاقے میں جا گرا۔وزارتِ دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب بتایا کہ مشرقی علاقے میں ایک ڈرون کو مار گرایا گیا، جبکہ شمالی سرحدی علاقے میں بھی ایک اور ڈرون کو تباہ کر دیا گیا۔دوسری جانب ابوظہبی میڈیا آفس نے اعلان کیا کہ امارت میں متعلقہ حکام نے الشوامخ کے علاقے میں گرنے والے ملبے کے نتیجے میں پیش آنے والے واقعے سے نمٹا۔ یہ واقعہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ایک بیلسٹک میزائل کو کامیابی سے تباہ کرنے کے بعد پیش آیا، جس کے باعث بھارتی نڑاد ایک شخص معمولی زخمی ہو گیا۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ 28 فروری کو ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل اور امریکا نے تہران کے مختلف علاقوں پر ہزاروں فضائی حملے کیے، جن میں میزائل لانچنگ سائٹس، فوجی تنصیبات اور ایرانی جہازوں کو نشانہ بنایا گیا۔ان حملوں کے نتیجے میں ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای اور متعدد اعلیٰ سیاسی و عسکری رہنما بھی مارے گئے۔دوسری جانب ایران نے جواباً اسرائیل اور خلیجی ممالک پر سینکڑوں میزائل اور ڈرون داغے یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ وہ امریکی اڈوں اور تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے، تاہم اس نے شہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی، جن میں سے بیشتر کو متعلقہ ممالک کے فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan