
سڑک حادثہ میں موٹر سائیکل سوار تین نوجوان کی موت
ارریہ، 23 مارچ (ہ س)۔ ضلع کے نرپت گنج تھانہ علاقہ میں پلاسی-بتھناہا فور لین سڑک واقع چوہان ٹولہ کے قریب اتوار کی رات ایک سڑک حادثہ میں موٹر سائیکل سوار تین نوجوانوں کی نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر موت ہوگئی۔ تینوں مرنے والے سوپول ضلع کے راگھوپور تھانہ علاقے کے رہنے والے تھے۔ مرنے والوں کی ابتدائی طور پر شناخت نہیں ہو سکی تھی لیکن بعد میں فاربس گنج کے ایس ڈی پی او مکیش کمار ساہا اور نرپت گنج پولیس جائے وقوعہ پر پہنچے اور ان کی شناخت کروائی۔متوفیوں میں سے ایک محمد اشرف ولد محمد عثمان ساکن حاجی ٹولہ وارڈ نمبرایک، تھانہ راگھوپور، ضلع سپول ہے۔ دوسرا محمد سمیر ولد محمد ایوب اور تیسرا محمد ارباز ولد محمد رستم ساکن راگھو پور تھانہ علاقہ ہے۔ واقعہ کے بارے میں مقامی لوگوں نے بتایا کہ نرپت گنج تھانہ علاقے میں پلاسی سے آئی سی پی جوگبانی چوکی کی طرف فور لین سڑک پر جوگبانی کی طرف جا رہی ایک گاڑی چوہان ٹولہ کے قریب ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی، جس سے تینوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس نے تینوں بائک سواروں کو فاربس گنج سب ڈویژنل اسپتال میں داخل کرایا، جہاں پر موجود ڈاکٹر نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اطلاع ملنے کے بعد فاربس گنج کے سب ڈویژنل پولیس افسر مکیش کمار ساہا، نرپت گنج اور فاربس گنج تھانہ پولیس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور واقعہ کی معلومات اکٹھی کی۔ لاشوں کی شناخت کے بعد ایس ڈی پی او نے متوفی کے لواحقین کو اطلاع دی۔ ایس ڈی پی او نے بتایا کہ لواحقین اسپتال پہنچ رہے ہیں، جس کے بعد پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔موقع پر جانکاری دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بائک پر سوار تینوں نوجوان نیپال سے جوگبانی کے راستے واپس آرہے تھے۔ اسی دوران چوہان ٹولہ کے قریب سامنے سے نامعلوم ٹرک نے انہیں ٹکر مار دی جس سے تینوں موٹر سائیکل سوار کی موت ہوگئی۔ واقعے کے حوالے سے قریبی نصب سی سی ٹی وی کیمروں کوکھنگالا جارہا ہے۔ساتھ ہی حادثے کا سبب بننے والے ٹرک کو پکڑنے کے لیے تکنیکی تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے اسے جلد ہی پکڑنے کا دعوی کیا ہے۔ واقعے میں ملوث ٹرک کی شناخت کے لیے جوگبانی تھانہ پولیس کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan